دبئی کے ابراج گروپ نے سندھ میں ہوا کے زور پر چلنے والے توانائی کے 50 میگاواٹ کے پروجیکٹ کے حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

ابراج گروپ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جھمپر ونڈ کوریڈور منصوبے کا حصہ اس پروجیکٹ کے مالی معاملات اگست 2016 میں طے پا گئے تھے اور 2018 میں اس کی تکمیل ہونی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'جھمپر ونڈ کوریڈور ہوا کے زور پر چلنے والے منصوبے کے لیے بنایا گیا ہے جس میں 550 میگاواٹ باقاعدہ فعال ہے اور مزید ایک گیگا واٹ تکمیل کے مراحل میں ہے'۔

مزید کہا گیا ہے کہ منصوبے کو جنرل الیکٹرک (جی ای) ونڈ ٹربائن کے ذریعے چلایا جائے گا جس کا مرکزی کنٹریکٹر ہوڈنگ انجینیئرنگ کارپوریشن ہے اور جی ای اس منصوبے کے تمام آپریشنز اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے۔

سرمایہ کاری کے حوالے سے اظہار کرتے ہوئے ابراج تھیمیٹک فنڈ بزنس کے منیجنگ پارٹنر اور گلوبل ہیڈ سیو ویٹیویٹپلائی نے کہا کہ 'جھمپر ونڈ کوریڈور میں ہماری سرمایہ کاری ابراج گروپ کی سربراہی میں توانائی کے میدان میں دوسرا بڑا منصوبہ ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان میں آج 6 ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہے اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے، حکومت کی پالیسیوں کو بہتر بنانے اور جھمپر ونڈ کوریڈور کو فعال بنانے میں اپنے کردار پرخوش ہیں'۔

ابراج گروپ کے پارٹنر سعد زمان کا کہنا تھا کہ 'حکومت کی جانب سے توانائی کی پالیسی پر عملدرآمد نے نجی سیکٹرکو پاکستان مین توانائی کے میدان میں سرمایہ کاری کے لیے کارآمد موقع فراہم کیا ہے'۔


تبصرے (0) بند ہیں