’چین کی خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے‘
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کی اس کے تمام بنیادی مسائل میں بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری پر کسی کو آنکھ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔
سلامتی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق چین کے اسٹیٹ کمشنر چینگ گوپنگ نے دفتر خارجہ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے وفد کی سطح پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات خصوصاً سلامتی، معاشی ترقی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
سی پیک کی اہمیت اور اس کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دونوں طرف سے زور دیا گیا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ناصرف پاکستانی معیشت کا فائدہ ہوگا، بلکہ اس سے خطے میں روابط کو مستحکم بنانے اور امن کے قیام میں بھی بہت مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’سی پیک سے مقامی صنعت کو چیلنجز کا سامنا‘
سید طارق فاطمی نے چینی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سی پیک کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستان کی قومی سلامتی، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
مزید پڑھیں: سی پیک سے گلگت بلتستان کے عوام کی امیدیں وابستہ
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی اس کے تمام بنیادی مسائل میں بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری پر کسی کو آنکھ اٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔
اس موقع پر چینی کمشنر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی خودمختاری، آزادی اورعلاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور اس کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا، جن سے علاقائی امن و استحکام کے قیام میں بھی مدد ملی۔












لائیو ٹی وی