• KHI: Clear 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 13°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C
  • KHI: Clear 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 13°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C

شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر پاکستان کی مذمت

شائع February 14, 2017

اسلام آباد: پاکستان نے شمالی کوریا کی جانب سے کیے گئے حالیہ میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں شمالی کوریا پر زور دیا گیا کہ وہ ایسے اقدامات نہ اٹھائے جن سے خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ پیدا ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے مستقل جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کی حمایت کی ہے، جس پر تمام فریقین متفق ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ہمیشہ شمالی کوریا پر زور دیتا ہے کہ وہ اسے اقدامات سے باز رہے، جو چھ فریقی مذاکرات کے دائرہ کار کے تحت مسئلے کے پرامن اور سفارتی حل تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ دور میں شمالی کوریا کا پہلا بیلسٹک میزائل تجربہ

یاد رہے کہ دو روز قبل (12 فروری) کو جنوبی کوریا کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

جنوبی کورین فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ 'میزائل شمالی کوریا کے مغربی علاقے سے صبح آٹھ بجے سے قبل لانچ کیا گیا جو 500 کلو میٹر تک سفر کرنے کے بعد بحیرہ جاپان میں گرا'۔

بعدازاں گذشتہ روز (13 فروری کو) شمالی کوریا نے درمیانے سے طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے اسلحہ پروگرام میں مزید اضافے کا بھی دعویٰ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا نے کامیاب میزائل تجربے کی تصدیق کردی

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کو ساتھ لے جانے کی صلاحیت سے لیس میزائل 'Pukguksong-2' کا تجربہ رہنما کم جونگ ان کی نگرانی میں کیا گیا۔

کے سی این اے کے مطابق ہمسایہ ممالک کی حفاطت کو مدنظر رکھتے ہوئے میزائل کو اونچے زاویئے سے فائر کیا گیا تھا۔

مزید بتایا گیا کہ میزائل کو سولڈ فیول انجن کی مدد سے فائر کیا گیا، جبکہ یہ میزائل اگست 2016 میں تجربہ کیے گئے سب میرین لانچڈ بیلسٹک میزائل کی جدید قسم ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے فوراً بعد شمالی کوریا کے اس میزائل تجربے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس طلب کرلیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے گذشتہ سال 20 سے زائد میزائل تجربات کیے گئے تھے، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل اور جوہری ٹیکنالوجی کے تجربات پر پابندی عائد ہے۔

2006 میں سامنے آنے والے پہلے جوہری تجربے کے بعد سے سلامتی کونسل شمالی کوریا پر متعدد بار پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Feb 14, 2017 03:47pm
Fazool Muzamaat

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025