ایک طرف جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کو 'غیر دانشمندانہ' فیصلہ قرار دے رہے تھے، وہیں اب انھوں نے فائنل کے حوالے سے اپنی خواہش کا بھی اظہار کر ڈالا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے مطابق عمران خان کی خواہش ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ فری کردیئے جائیں۔

انھوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ 'اتنے عرصے بعد ملک میں کرکٹ ہونے جارہی ہے، لیکن فائنل کے لیے 12 ہزار روپے کا ٹکٹ رکھا گیا ہے، جو کرکٹ کے دیوانوں سے انتہائی زیادتی ہے'۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل: ٹکٹ کے حصول کی دوڑ جاری

ساتھ ہی انھوں نے الزام عائد کیا کہ 'پی ایس ایل کو طبقہ اشرافیہ کا ایونٹ بنادیا گیا ہے'۔

واضح رہے کہ 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین فائنل مقابلہ ہوگا۔

پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے جہاں پورے ملک میں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے، وہیں صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ ٹورنامنٹ کے فائنل کے انعقاد کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے دروازے کھولے جاسکیں۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانا بہت بڑا رسک: عمران خان

اس سے قبل عمران خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا، 'پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا خواہشمند مجھ سے زیادہ اور کوئی نہیں ہوگا، لیکن پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا ایک بہت بڑا رسک ہے، جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا'۔

1992 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کے گرد سیکیورٹی حصارمیں کھیلے جانے والے میچ سے ملکی سیکیورٹی پر حرف آئے گا۔

ساتھ ہی انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر خدانخواستہ کوئی واقعہ پیش آگیا تو ہم اگلی ایک دہائی تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں