برازیل: صدر کے محل میں بھوت آگئے

12 مارچ 2017
مائیکل ٹیمر اگست 2016 میں برازیل کے صدر بنے — فوٹو: رائٹرز
مائیکل ٹیمر اگست 2016 میں برازیل کے صدر بنے — فوٹو: رائٹرز

ریو ڈی جنیرو: برازیل کے صدارتی محل کا نقشہ کچھ ایسا ہے کہ اس کی عالیشان عمارت، وسیع سوئمنگ پول، کشادہ اور ہرا بھرا لان، گھر کے احاطے میں ہی موجود فٹ بال کا میدان، طبی مرکز اور گرجا گھر سمیت اعلی ترین کام موجود ہے۔

ہر عام انسان کے لیے خوابوں کی تعبیر جیسا یہ گھر برازیل کے صدر کی سرکاری رہائش گاہ ہے جہاں اب کوئی اور قبضہ کر بیٹھا ہے.

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق برازیلن صدر اس محل میں بھوت و آسیب کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے خالی کرچکے ہیں.

—فوٹو: بشکریہ ویکیپیڈیا
—فوٹو: بشکریہ ویکیپیڈیا

برازیلین میڈیا کے مطابق صدر مائیکل ٹیمر کا کہنا تھا کہ اس محل میں بھوت اور آسیب موجود ہیں لہذا وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ محل میں مزید قیام نہیں کرسکتے.

خیال رہے کہ برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں موجود صدر کی سرکاری رہائش گاہ 'الووراڈا محل' برازیل کے مشہور آرکیٹیکٹ آسکر نےمیار کا ڈیزائین کردہ ایک پرتعیش محل ہے.

اس محل میں برازیل کے صدر اپنی اہلیہ اور سات سالہ بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر تھے تاہم گذشتہ ہفتے انہوں نے سب کو یہ بتلا کر حیرانی میں ڈال دیا کہ محل میں بھوت موجود ہیں.

برازیلین صدر کے مطابق انہیں محل میں عجیب سا احساس ہوتا ہے.

انہوں نے برازیل کے سیاستدانوں کو بتایا کہ اس محل میں سکونت اختیار کرنے کے پہلے ہی دن سے وہ یہاں سو نہیں سکے، انہیں کسی نقصان دہ اثرات کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے.

مائیکل ٹیمر کے مطابق ان کی 33 سالہ اہلیہ جو سابقہ بیوٹی کوئین بھی رہ چکی ہیں وہ بھی اس محل میں کسی نادیدہ مخلوق کی موجودگی کو محسوس کرتی ہیں.

فوٹو:بشکریہ Rede IMMO
فوٹو:بشکریہ Rede IMMO

برازیل کے اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر کی اہلیہ محل سے بھوت دور بھگانے کے لیے ایک پادری کی خدمات بھی لے چکی ہیں مگر کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا.

بھوت پریت کی بڑھتی ہوئی مبینہ شرارتوں سے تنگ آکر مائیکل ٹیمر نے صدارتی محل کو چھوڑ کر نزدیک موجود نائب صدر کے محل میں رہائش اختیار کرلی ہے.

خیال رہے کہ صدر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل نائب صدر کے عہدے پر فائز مائیکل ٹیمر اسی محل میں رہتے تھے.

یہ بھی یاد رہے کہ محل میں بھوتوں کی موجودگی کے معاملے نے ایسے وقت میں سر اٹھایا ہے جب برازیل شدید سیاسی بحران کا شکار ہے۔

مائیکل ٹیمر کے کئی اتحادیوں کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ وہ خود غیرقانونی فنڈز سے فائدہ حاصل کرنے کے ایک کیس میں نامزد ہیں.

تبصرے (0) بند ہیں