قانون توڑنے والے سزا کے مستحق ہیں:ڈین جونز
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مبینہ طورپر فکسنگ پر ملوث ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی کام کرنے والے سزا کے مستحق ہیں۔
ڈان نیوز کو انٹرویو میں ڈین جونز نے کہا کہ 'اسکینڈل کا علم ہونے پر افسوس ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم تین کھلاڑیوں کے فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر انھییں دکھ پہنچاہے'۔
ڈین جونز کا کہنا تھا کہ 'ٹیم کے کسی کھلاڑی نے فکسنگ کی پیش کش کے حوالے سے مجھے کچھ نہیں بتایا تاہم جن کھلاڑیوں نے قانون پر عمل نہیں کیا وہ سزا کے مستحق ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میرے لیے اور پوری ٹیم کے لیے دکھ کا موقع تھا لیکن ہمیں کھلاڑیوں کو آگاہی دیتے رہنا چاہیے اور بکیز کی جانب سے رابطے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے اس حوالے سے مفید معلومات دینا ہوں گی'۔
مزید پڑھیں:اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل: محمد عرفان کو معطل کردیا گیا
آسٹریلیا کے سابق بلے باز نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس طرح کی پیش کش کی 'صورت میں متعلقہ حکام کو اس حوالے سے آگاہ کرنا ہوگا چاہے یہ کتنی ہی بے وقوفانہ یا عجیب پیش کش کیوں نہ ہو'۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے اسلام آبادیونائیٹڈ کے تین کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کو بکیز سے مبینہ روابط پر کرکٹ سے عارضی طورپر معطل کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'وہ شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کے معاملات کیا ہیں تاحال نہیں جانتے اور نہ ہی کسی نے اس حوالے سے آگاہ کیا ہےلیکن جو کھلاڑی نظم و ضبط کا پابند نہ ہو اس کو نتیجے کے لیے تیار ہونا چاہیے'۔
ڈین جونز نے کہا کہ 'یہ سنجیدہ معاملہ ہے اور اسی طرح کا معاملہ آندرے رسل کے ساتھ بھی ہوا تھا جن پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سزا ہوئی تھی تو اب ہم کوچ کی حیثیت سے کھلاڑیوں کی آگاہی کے لیے مزید کتنی معلومات دے سکتے ہیں تاکہ وہ اصولوں پر عمل کریں'۔
محمد عرفان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'میں اس حوالے سے کچھ نہیں جانتا کیونکہ یہ میرا کام نہیں تھا، میرا کام کھلاڑیوں کی کوچنگ اور ٹیم میں بہتری لانا ہے'۔
محمد عرفان نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اپنے بیان میں بکیز سے روابط کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی اطلاع بورڈ کو نہ دینے کی وجہ ذاتی پریشانی کو قرار دیا تھا تاہم بورڈ نے انھیں عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ تینوں کھلاڑیوں کے اب تک اپنے بیان میں کسی قسم کی میچ فکسنگ کے امکان کو مسترد کردیا ہے تاہم پی سی بی نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی جانب سے نوٹس کے جواب کے بعد سابق جج کی سربراہی میں تین رکنی ٹریبیونل تشکیل دیا ہے جو جلد ہی سماعت شروع کردے گا۔