بنوں جیل حملے میں ملوث ٹی ٹی پی دہشتگرد کو پھانسی
بنوں جیل پر حملے سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک دہشت گرد طاہر شاہ کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طاہر شاہ کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم ترین کارندہ اور خطرناک دہشت گرد تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مجرم بنوں جیل پر حملے میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد جیل سے فرار ہوئے۔ مجرم نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر بھی حملوں کیے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:بنوں جیل پر حملہ
آئی ایس پی آر کے مطابق طاہر شاہ نےمجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا، جس کے بعد اسے فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
یاد رہے کہ جولائی 2013 میں صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کی سینٹرل جیل پر 250 کے قریب مسلح طالبان نے حملہ کرکے 384 قیدیوں کو رہا کروا لیا تھا جن میں زیادہ تر شدت پسند تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان جیل حملہ، اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم
سکیورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں کے آپریشن کے بعد سینٹرل جیل کا کنٹرول دوبارہ سنبھالا تھا، اس حملے میں 6 اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے تھے۔











لائیو ٹی وی