مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے، بیلا حدید

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2017
امریکی ماڈل بیلا حدید —۔
امریکی ماڈل بیلا حدید —۔

امریکی فیشن ماڈل بیلا حدید نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں پر لگائی جانے والی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اپنے مسلمان ہونے پر بھی بات کی۔

بیلا حدید اور ان کی بہن ماڈل گیگی حدید کو رواں سال فروری میں نیویارک میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں پر پابندی لگانے کے خلاف ہونے والے احتجاج میں دیکھا گیا تھا، اس حوالے سے بیلا کا کہنا تھا کہ ان کا اس احتجاج میں شرکت کرنا ضروری تھا کیوں کہ یہ ان کے لیے کافی ذاتی مسئلہ ہے۔

ان ماڈلز بہنوں کے والد محمد حدید اب امریکا کے رئیل اسٹیٹ بزنس مین بن چکے ہیں، ان کی پیدائش فلسطین میں ہوئی تھی، تاہم 14 سال کی عمر میں وہ بحیثیت پناہ گزین امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

اس حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران بیلا حدید کا کہنا تھا 'میرے والد امریکا میں بحیثیت پناہ گزین آئے تھے، اس لیے امریکا میرے بھائی بہن اور میرے لیے گھر کی ہی طرح ہے، میرے والد ہمیشہ سے بہت مذہبی رہے، وہ ہمارے ساتھ عبادت کرتے تھے، مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے'۔

اس سے قبل ایلے میگزین سے بات کرتے ہوئے بیلا حدید کا کہنا تھا کہ 'لوگوں کے ساتھ ان کی قومیتوں کے باعث اچھا سلوک کیوں نہیں کیا جاتا، یہ صحیح نہیں ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں