مصر کے شہر طنطا میں پام سنڈے کے موقع پر دو قبطی گرجاگھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

یہ دھماکے ایسے موقع پر ہوئے ہیں جب ایک ہفتے بعد عیسائی برادری ایسٹر کا تہوار منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس بھی رواں ماہ مصر کا دورہ کرنے والے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق دریائے نیل کے قریب واقع شہر طنطا کے ایک گرجا گھر میں ہوا جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: قاہرہ کے مرکزی چرچ میں دھماکا، 25 افراد ہلاک

دوسرا دھماکا چند گھنٹوں بعد شہر اسکندریہ کے ایک گرجا گھر میں ہوا، یہ خود کش دھماکا تھا جس میں قبطی پوپ کی تاریخی نشست کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں3 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ پام سنڈے عیسائیوں کے مقدس دنوں میں سے ایک ہے جس کو وہ حضرت عیسیٰ کو یروشلم میں فاتح کے طورپر داخل ہونے کی مناسبت سے مناتے ہیں۔

میڈیا میں چرچ کے اندر کے دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی اور خون میں لت پت لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔

ان دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے قبول کی گئی جبکہ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے قومی دفاع کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ وہ خود بھی طنطا کا دورہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: مصر: سینائی میں دھماکا، 25 فوجی ہلاک

یاد رہے کہ چار سال قبل مصری فوج نے اخوان المسلمین کے منتخب صدر محمد مرسی کو ہٹا کر حکومت اپنے ہاتھوں میں لی تھی اور فوج کے سربراہ عبدالفتح السیسی حکومت کے سربراہ بنے تھے جو بعد ازاں صدر بن گئے تھے۔

اس سے قبل 11 دسمبر 2016 کو بھی مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مرکزی چرچ میں ہونے والے بم دھماکے میں 25 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے تھے۔

اس دھماکے میں قاہرہ کے آرتھوڈوکس عیسائیوں کے سینٹ مارکس کیتھیڈرل چرچ کو نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ دھماکا خیز مواد چرچ کے اندر خواتین کی نشستوں کے پاس نصب کیا گیا تھا جس میں تقریباً 12 کلو تک بارود موجود تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں