آملا کی آئی پی ایل میں جارحانہ سنچری

20 اپريل 2017
کنگز الیون پنجاب کے ہاشم آملا نے 104 رنز کی ناقابل شکست انگز کے دوران چھ چھکے بھی لگائے— فوٹو: اے ایف پی
کنگز الیون پنجاب کے ہاشم آملا نے 104 رنز کی ناقابل شکست انگز کے دوران چھ چھکے بھی لگائے— فوٹو: اے ایف پی

اندور: انڈین پریمیئر لیگ میں باریش جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا نے تباہ کن بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کر کے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔

جمعرات کو ممبئی انڈینز کے خلاف میچ سے قبل ہاشم آملا کی بحیثیت ٹی20 اوپنر قابلیت اور ان کی صلاحیت پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے تھے لیکن انہوں نے اپنی شاندار اننگز سے کنگز الیون پنجاب کو 198 رنز کے اسکور تک رسائی دلائی۔

جنوبی افریقی بلے باز نے صرف 60 گیندوں پر چھ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس اننگز کی خاص بات ممبئی انڈینز کے شہرہ آفاق باؤلر لاستھ ملنگا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ تھی۔

اسٹائلش بیٹسمین نے ملنگا کے خلاف 51 رنز بٹورے جو آج تک ان کے یریئر میں کوئی بھی بلے باز نہ کر سکا۔

اس سے قبل آئی پی ایل میں صرف ویرات کوہلی کو کسی باؤلر کے خلاف اس سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ حاصل ہے جہاں انہوں نے ہم وطن امیش یادو کے خلاف 52 رنز بنائے تھے۔

کنگز الیون پنجاب کی جانب سے گلین میکس ویل نے 18 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت میزبان ٹیم نے 198 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

تبصرے (0) بند ہیں