چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، کامران ڈراپ

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2017
کامران اکمل دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
کامران اکمل دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی 2017 کیلئے سرفراز احمد کی زیر قیادت 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور کامران اکمل کو ڈراپ کر کے عمر اکمل کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا۔

سلیکشن کمیٹی نے پندرہ رکنی اسکواڈ کیلئے نام منظوری کے لئے چیئرمین پی سی بی کو بھجوا دیے تھے جنہوں نے منظوری دے دی ہے جس کے تحت سابق کپتان اظہر علی اور عمر اکمل کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

اظہر علی نے ناکام دورہ آسٹریلیا کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے انہیں ایک روزہ میچوں کے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کھیل پیش نہ کرنے پر کامران اکمل کو واپسی کا پروانہ تھما دیا ہے جبکہ محمد اصغر اور آصف ذاکر کو بغیر کوئی میچ کھلائے ہی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔

مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ باؤلر سہیل خان کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کردیا گیا جبکہ پاکستان کپ میں بہترین آل راؤنڈر کارکردگی بھی عامر یامین کی ٹیم میں سلیکشن کی راہ ہموار نہ کر سکی۔

سلیکشن کمیٹی نے اختتامی اوورز میں ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے عمر اکمل کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جبکہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے منتخب باؤلنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور موجودہ فارم کو مدنظر رکھ کر ایونٹ کیلئے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا اتنخاب کیا گیا ہے۔

انگلش کنڈیشنز میں اظہر علی کے اچھے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ عمر اکمل کو فٹنس میں بہتری پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاداب خان اور فہیم اشرف کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے اور یہ دونوں کھلاڑی اسپن اور فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ٹیم کیلئے نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم گروپ بی میں ہندوستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ موجود ہے۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ چار جون کو روایتی حریف ہندوستان کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گی جس کے بعد دوسرا میچ سات جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا جبکہ آخری راؤنڈ میچ سری لنکا سے 12جون کو ہو گا۔

چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

سرفراز احمد(کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد عامر، شاداب خان، عماد وسیم، وہاب ریاض، حسن علی اور جنید خان۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں