پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹ اگلے سال جنوری میں پیداوار شروع کرے گا۔

عابد شیر علی نے پروجیکٹ کا معائنہ کرنے کے بعد چھتر کلاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'اس پروجیکٹ کا 90 فی صد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے اور ملک کے توانائی کے بحران کو ختم کرنے کے لیے اس کو اگلے سال کے اوائل میں فعال کیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ پروجیکٹس کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کے ساتھ ساتھ پی سی ون کے لیے منظور کردہ بجٹ کی رقم میں تیزی کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ 'اس منصوبے کو دانستہ طور پر تاخیر اور اربوں روپے کی کرپشن کا نشانہ بنایا گیا جس کی تفتیش ضروری ہے'۔

انھوں نے گزشتہ حکومت پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے بجلی کی پیداوار کے حوالے سے توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے قوم مشکلات کا شکار رہی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی حکام کو لوڈ شیڈنگ پر تنبیہ

وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ 'ہم وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق قوم کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے پرعزم ہیں'۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے سوال کیا کہ عمران خان عوام کو بتائیں کہ انھیں وزیراعظم کی جانب سے کس نے 10 ارب روپے کی پیش کش کی تھی؟

انھوں نے کہا کہ 'عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں، وہ سیاست میں اپنی آخری حکمت عملی میں جنجھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور اب خالی ہاتھ رہ گئے ہیں'۔

انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کے سربراہ کو بہت جلد احتساب کے کٹہرے میں لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نندی پور پلانٹ نے آزمائشی طورپر کام شروع کردیا

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی زندگی تنازعات سے بھرپور رہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بدلے یا ذاتی حملوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کرپشن پر بات نہ کریں 'کیونکہ وہ پوری دنیا میں کرپشن کے بادشاہ کے طور پر جانے جاتے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ 'نواز شریف کی حکومت کو کمزور کرنے کے لیے تمام چور اور ڈکیٹ یکجا ہوگئے ہیں لیکن وہ ناکام ہوں گے'۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 'ہم ملک کی ترقی اور بہبود کے لیے کام کو جاری رکھیں گے جبکہ عمران خان اور ان کے چاہنے والے مسلسل روتے رہیں گے'۔


یہ خبر 27 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں