اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بلاک کیے گئے ڈیڑھ لاکھ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز عارضی طور پر بحال کر دیئے۔

نادرا نے حساس اداروں کی رپورٹس پر ساڑھے 3 لاکھ شناختی کارڈز بلاک کیے تھے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق مزید 20 ہزار شناختی کارڈز کو بحال کرنے پر غور جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دو ہفتے قبل غیر ملکیوں کو جاری کیے گئے ایک لاکھ 74 ہزار 184 شناختی کارڈز کے علاوہ تمام بلاک کارڈز کو عارضی طور پر 60 روز کے لیے بحال کرنے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بحال کیے گئے شناختی کارڈز تحقیقاتی اور توثیقی عمل مکمل ہونے تک درست سمجھے جائیں گے اور ان سے متعلق حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاکھوں پختونوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے پر اے این پی کا احتجاج

دوسری جانب ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مزید ایک ہزار 510 افراد کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے گئے ہیں۔

یہ شناختی کارڈز انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے (نیکٹا) کی سفارشات پر بلاک کیے گئے، کیونکہ نیکٹا نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی حتمی لسٹ تیار کرلی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ یہ فہرست مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں اور پولیس کے تعاون سے تیار کی گئی، جبکہ فہرست میں موجود افراد کا ڈیٹا تمام بینکوں کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

شناختی کارڈ بلاک ہونے کے بعد یہ افراد اپنے بینک اکاؤنٹس، اسلحہ و ڈرائیونگ لائنسز اور پاسپورٹس استعمال نہیں کرسکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں