رحیم یار خان کے قریب جیٹھا بٹھا کےعلاقے میں جعلی پیر نے مبینہ طور پر 2 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

صدر خانپور کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عباس اختر نے ڈان کو بتایا کہ جیٹھا بٹھا کے رہائشی فاقر حسین نے صدر پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی کہ ان کی بیٹی اور بہو کو تقریباً دو ہفتے قبل بلال شاہ نامی جعلی پیر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

عباس اختر کے مطابق فاقر حسین کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی اور بہو اکٹر بلال شاہ کے پاس تعویذ لینے جایا کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: شادی شدہ لڑکی کا مبینہ ریپ

انہوں نے کہا کہ فاقر حسین کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل ان کی بیٹی اور بہو نے بلال شاہ کے پاس سے گھر واپس لوٹ کر بتایا کہ جعلی پیر نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اپنی شکایت میں فاقر حسین نے کہا کہ انہوں نے علاقے کے چند بااثر افراد سے اس حوالے سے رابطہ کیا جن کے دباؤ کے باعث بلال شاہ نے متاثرین کو پیسے یا زمین دینے کی پیشکش کی۔

تاہم فاقر حسین نے جعلی پیر کی یہ پیشکش ٹھکرا دی۔

مزید پڑھیں: 12 سالہ گھریلو ملازمہ کے 'گینگ ریپ' میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

پولیس نے بلال شاہ کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

دونوں متاثرہ خواتین کو طبی جانچ کے لیے خانپور کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھجوا دیا گیا، جبکہ پولیس نے بلال شاہ کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں