عمر اکمل اور جنید خان کو وارننگ دینے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 16 مئ 2017
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پاکستان کپ میں تنازع کھڑا ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پاکستان کپ میں تنازع کھڑا ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان کپ کے درمیان تنازع کا شکار ہونے والے عمر اکمل اور جنید خان کو وارننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے رویہ بہتر نہ کیا تو انہیں چار سے چھ ہفتوں کیلئے معطل کردیا جائے گا۔

پاکستان کپ کے دوران قومی ٹیم کے کھلاڑیوں جنید خان اور عمر اکمل کے درمیان تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور پنجاب کی ٹیم کے کپتان عمر اکمل نے فاسٹ باؤلر پر بغیر بتائے ٹیم چھوڑ کر جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر جنید خان کے نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کرنے پر عمر اکمل نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں خود نہیں پتہ اور جب وہ میدان میں آئے تو علم ہوا تھا کہ فاسٹ باؤلر میچ کیلئے نہیں آئے۔

ادھر جنید خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے عمر کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ بیمار ہیں اور اس بارے میں انہوں نے ٹیم کے ڈاکٹر کو بھی اس بارے میں مطلع کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل اور جنید کے درمیان تنازع کی مکمل تفصیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی تھی اور کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر کے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بھیج دی ہے۔

اس سلسلے میں آفیشل اعلامیہ ایک دو دن میں جاری کیا جائے گا لیکن ذرائع نے نام طاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ کمیٹی نے دونوں کھلاڑیوں پر چار سے چھ ہفتے پابندی کی سزا تجویز کی ہے۔

لیکن چونکہ دونوں کھلاڑی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہیں لہٰذا معطلی سے پاکستانی ٹیم مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ان کے متبادل ڈھونڈنا بھی درد سر ہو گا۔

عمر اکمل اور جنید خان آج عالمی ایونٹ کیلئے برطانیہ روانہ ہو گئے ہیں لیکن پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو سبق سکھانے کیلئے وارننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنا رویہ بہتر نہ کیا تو انہیں معطل کردیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ جنید اور عمر اکمل کیلئے وارننگ ہو گی اور انہیں معطلی سے بچنے کیلئے مثالی رویے کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں