’جوہنی ڈیپ کی آواز نکالنا آسان کام نہیں‘

20 مئ 2017
ارشد وارثی آج کل 'پائریٹس آف دا کیریبئن' سیریز کی فلم ’سالزارس روینج‘ پر ہندی ڈبنگ کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں—۔
ارشد وارثی آج کل 'پائریٹس آف دا کیریبئن' سیریز کی فلم ’سالزارس روینج‘ پر ہندی ڈبنگ کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں—۔

ممبئی: بولی وڈ میں منفرد مزاحیہ لیکن قدرے حقیقی کردار ادا کرنے کی وجہ سے شہرت رکھنے والے ارشد وارثی نے کہا ہے کہ ہولی وڈ کی فلم 'پائریٹس آف دا کیریبئن' کے کیپٹن جیک اسپارو کی آواز نکالنا کوئی آسان کام نہیں۔

خیال رہے کہ ارشد وارثی دیگر اداکاروں کے ساتھ آج کل 'پائریٹس آف دا کیریبئن' سیریز کی فلم ’سالزارس روینج‘ پر ہندی ڈبنگ کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، اس سے قبل بھی ارشد وارثی کئی ہولی وڈ فلموں کے مختلف کرداروں کے لیے ڈبنگ کر چکے ہیں۔

ارشد وارثی نے اعتراف کیا کہ انہیں 'پائریٹس آف دا کیریبئن' کے کیپٹن جیک اسپارو کا کردار بہت پسند ہے، جب کہ انہیں اس فلم میں بحری قزاقی جیسے مناظر بھی اچھے لگتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پائریٹس آف دا کیریبئن ہیک کرلی گئی

بولی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ جوہنی ڈیپ کے مختلف لہجے کو ڈب کرنا کوئی آسان کام نہیں،ان کے لیے کیپٹن جیک اسپارو کی آواز کی ہندی میں نقل اتارنا ایک چیلنج ہے۔

بولی وڈ لائف کے مطابق ارشد وارثی نے غیر ملکی شوبز نشریاتی ادارے کو بتایا کہ خصوصی طور پر فلم میں جب جوہنی ڈیپ شراب پینے کے بعد بولتے ہیں، ان مناظر کی آواز کو ڈب کرنا مشکل ہے، تاہم وہ کیپٹن جیک اسپارو کی ہندی فرنچائز حاصل کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

مزید پڑھیں: ارشد وارثی نے مادھوری کو تھپڑ دے مارا

جوہنی ڈیپ 'پائریٹس آف دا کیربیئن' سیریز کی پانچ فلموں میں کام کر چکے ہیں، اس سیریز کی نئی فلم رواں ماہ 26 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ارشد وارثی آج کل اپنی ہندی فلم سیریز گول مال کے نئے سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فلم ’گول مال اگین‘ میں ارشد وارثی کے ساتھ اسی سیریز کے دیگر کچھ اداکار بھی کام کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں