کراچی کے مصروف علاقے بہادر آباد میں مشتبہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

نیو ٹاؤن پولیس کے مطابق پولیس اہلکار علاقے میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن غلام مرتضیٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار بہادر آباد کے مصروف داؤد موڑ کے قریب پولیس موبائل میں موجود تھے جہاں مسلح افراد ان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ، دو پولیس اہلکار ہلاک

پولیس ترجمان نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم سَب انسپیکٹر افتخار اور ہیڈ کانسٹیبل راجا یونس دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل شہباز شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے فوری طور پر اس کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

نماز جنازہ ادا

نیو ٹاؤن کی حدود بہادرآباد میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل راجا یونس کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں ادا کردی گئی۔

اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ نماز جنازہ میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ،پاکستان رینجرز سندھ کے سینئر افسران کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹرثناءاللہ عباسی، زونل ڈی آئی جیز، اور دیگر سینئر پولیس افسران، شہیدکے ورثاء، دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے شرکت کی.

شہید اے ایس آئی افتخار کی نماز جنازہ فیملی کوارٹرز نیوٹاؤن میں ادا کی گئی جبکہ شہید کا جسد خاکی تدفین کے لئے اس کےآبائی شہر فیصل آباد روانہ کیا گیا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں