فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔

عمر اکمل کے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کے بعد متبادل کھلاڑی کے طور پر حارث سہیل اور عمر امین کے نام زیر غور ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے عمر اکمل کو فوری طور پر وطن واپس بھجوانے کی منظوری دے دی ہے جبکہ انہوں نے کہا کہ متبادل کھلاڑی کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خراب فٹنس کے باعث عمر اکمل کو واپس ملک بھیجنے کا امکان

علاوہ ازیں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنا فٹنس لیول برقرار رکھنا ہوتا ہے، فٹنس برقرار نہ رکھنے پرعمر اکمل کو واپس بلایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حارث سہیل یا عمرامین کو عمر اکمل کی جگہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھیجاجاسکتا ہے۔

انضمام نے کہا کہ حارث سہیل اور عمر امین نے پاکستان کپ میں پرفارم کیا ہے، عمر اکمل کو فٹنس پر توجہ دینا ہوگی، وہ آسٹریلیا کے دورے میں بھی فٹ نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے ایجبسٹن میں تیاریاں

انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ ہر سیریز سے پہلے فٹنس ٹیسٹ لیتی ہے، پاکستان کپ سے پہلے عمر اکمل فٹ تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران عمر اکمل دوسری بار فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے ہیں اور اس سے قبل ناقص فٹنس کی وجہ سے انہیں دورہ ویسٹ انڈیز سے بھی ڈراپ کیا گیا تھا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں