کوئٹہ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران کالعدم بلوچستان لِبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشتبہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ، مارگیٹ اور سَنگان کے علاقوں میں مسلح افواج پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز نصب کرنے کے متعدد واقعات میں ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں 470 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ

اسلحے کا بڑا ’ذخیرہ‘ برآمد

— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر وفاق کے زیر انتظام ’فاٹا‘ میں کیے گئے دوسرے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے اسلحے و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقوں نِزکان خیل، رازِن، نذر خیل، لوئر دیر میں کاسکَئی گاؤں، چترال کے گاؤں سِری گال اور درہ آدم خیل کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

مزید پڑھیں: پشاور: اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے و گولہ بارود میں سب مشین گنیں (ایس ایم جیز)، ساکیلا گَن، میزائل، 12 بور کے رائفلز، گرینیڈز، مواصلاتی آلات، دوربین، 88 ایم ایم مارٹر گولے، 12.7 ایم ایم راؤنڈز، آر پی جی سیون راکٹ، ڈراگونوو راؤنڈز، سوئچز، ڈیٹونیٹرز اور 14.5 ایم ایم کے گولے شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں