چکن کابلی پلاؤ کھانا پسند کریں گے؟

شائع June 19, 2017 اپ ڈیٹ June 19, 2017 10:03pm
—فائیل فوٹو
—فائیل فوٹو

پاکستان میں جہاں مشرق وسطیٰ، چینی، جاپانی اور ہندوستانی کھانے بنتے ہیں، وہیں افغانستان کے روایتی کھانے بھی تیار ہوتے ہیں۔

ویسے بھی پڑوسی ملک ہونے اور ہمارے ہاں افغان مہاجرین کی زیادہ آبادی کئی سال تک رہنے کی وجہ سے ہمارے ہاں وہاں کے روایتی کھانے تیار ہونے لگے ہیں۔

افغانستان کے فاسٹ فوڈ اور دیگر کھانے پہلے پہل ہمارے ہاں صرف افغانی نژاد افراد کے ہوٹلوں پر بنتے تھے، لیکن اب یہ عام ہوٹلوں سمیت گھروں میں بھی بننے لگے ہیں۔

افغانستان کے روایتی کھانوں میں پاکستان میں سب سے زیادہ کابلی پلاؤ کھایا اور تیار کیا جاتا ہے۔

کابلی پلاؤ کو تیار کرنا عام بریانی اور پلاؤ جیسا ہی کام ہے، تاہم اس کا ذائقہ ضرور ان سے منفرد ہے۔

اجزاء

باسمتی یا سیلا چاول ایک کلو (6 سے 8 گھنٹے بگھوئیں)

کوکنگ آئل ڈیڑھ سے 200 گرام

پیاز 4 عدد (کاٹ لیں)

ٹماٹر سرخ 8 عدد (کاٹ لیں)

لہسن اور ادرک پاؤڈر 3 چائے کے چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ کٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ

چھوٹی الائچی 8 سے 10 عدد

سفید سرکہ آدھی پیالی

نمک حسب ذائقہ

سرخ مرچ حسب ذائقہ (صوابدیدی)

مرغی ڈیڑھ کلو (چھوٹی بوٹیاں کرلیں) چاہیں تو مٹن اور بیف بھی استعمال کریں۔

ترکیب

مرغی کو سرکہ لگا کر 15 منٹ تک چھوڑ دیں، اس کے بعد ایک دیگچی میں آئل کے ساتھ بھن کر براؤن کرلیں۔

ٹماٹر، پیاز، گرم مصالحہ، چھوٹی الائچی بلینڈ کرلیں، پھر انہیں بھی مرغی سے الگ آئل میں بھن لیں۔

پھر ان مصالحوں کو بھنی ہوئی مرغی کے ساتھ دیگر بچے ہوئے مصالحوں میں ملاکر ایک ساتھ بھن لیں۔

جب مرغی اور مصالحے پک کر سرخ ہوجائیں تو چولہا بند کرلیں۔

چاول کو علیحدہ برتن میں بوائل کریں۔

بوائل ہوئے چاول کو پانی سے نکال کر بڑے برتن میں ڈال لیں، برتن کے نیچے آئل کی مدد سے چکنائی بنائیں۔

چاول کو ڈالتے وقت مرغی کی بوٹیاں بھی ڈالتے جائیں، تمام بوٹیوں کو چاول کے بیچ میں ہی ڈالیں۔

آخر میں چاول کے اوپر اور کونوں میں مصالحہ ڈال دیں، بیچ میں مصالحے نہ ڈالیں۔

تھوڑا سا پانی ڈال کر 10 منٹ تک درمیانی آگ پر انہیں پکائیں، برتن کو نہ ڈھکیں۔

جب پانی خشک ہوجائے اور بھاپ نکلنے لگے تو آگ بند کرکے اتارلیں۔

پلیٹوں میں نکال کر رائتے اور سلاد کے ساتھ نوش فرمائیں۔

نوٹ۔ اگر چکن کابلی پلاؤ کی جگہ چنا پلاؤ بنایا جائے تو مرغی کو چھوڑ کر باقی تمام اجزاء وہی رہیں گے۔

چھولوں کو 12 گھنٹے قبل بگھونے کے بعد الگ برتن میں بوائل کریں، باقی تمام طریقے وہی رہیں گے۔

بعض افراد کابلی پلاؤ میں کشمش سمیت دیگر ڈرائی فروٹ بھی ڈالتے ہیں، اگر وہ ڈالنا پسند کریں تو انہیں بھی آئل کے ساتھ بھن کر آخر میں پلاؤ میں ڈالیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026