دفتر خارجہ نے ایرانی ڈرون گرائے جانے کی تصدیق کردی
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے پاک ایران سرحد کے ساتھ واقع واقع پنجگور کے علاقے میں ایرانی ڈرون گرائے جانے کی تصدیق کردی۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاک فضائیہ نے 19 جون کو پنجگور کے علاقے میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا، نامعلوم اور بغیر کسی شناخت کے ڈرون پاکستانی حدود میں 3 سے 4 کلو میٹر اندر پرواز کر رہا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ ڈوران گرانے کی معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے کہا ہے یہ ڈرون بغیر کسی شناخت کے پاکستان کی حدود میں پرواز کر رہا تھا، جس پر اسے سیکیورٹی فورسز نے مار گرایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی حدود میں مبینہ طور پر جاسوسی کرنے والے ایرانی ڈرون کو پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مار گرایا تھا۔
سرکاری ذرائع نے ڈان نیوز کو ایرانی ڈرون مار گرائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرون طیارہ ملکی سرحدی حدود میں جاسوسی مشن پر تھا جسے پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے پنجگور کے علاقے پروم میں مار گرایا۔
گرائے گئے ڈرون طیارے کا ملبہ سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا، لیکن تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس ڈرون کو کب تباہ کیا گیا جبکہ پاک فضائیہ نے بھی اس پر تبصرے سے انکار کیا۔











لائیو ٹی وی