اسلام آباد: دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان میں موجود 546 بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 546 بھارتی قیدیوں کی فہرست میں 52 بھارتی شہری جبکہ 494 بھارتی مچھیرے شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق 21 مئی 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک سال میں دو مرتبہ فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

مذکورہ معاہدے کے تحت یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کیا جانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے مزید 219 بھارتی ماہی گیر رہا کردیئے

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حکومت بھی پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے رواں 6 جنوری کو 219 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید 78 ماہی گیروں کو بھارت بھیجے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان اور بھارت کے ماہی گیر اکثر کھلے سمندر میں شکار کے دوران ایک دوسرے کی سمندری حدود میں داخل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں حراست میں لے لیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: جذبہ خیر سگالی، پاکستان نے 220 بھارتی ماہی گیر رہا کردیے

ان ماہی گیروں کی کشتیاں جدید آلات سے عاری ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں حدود کا اندازہ نہیں ہوتا اور وہ سمندری حد پار کرجاتے ہیں۔

گرفتار ہونے والے اکثر ماہی گیروں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب سفارتی تعلقات اور بیوروکریسی کی رکاوٹ کے باعث، اپنی سزا کاٹنے کے بعد بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑتا ہے۔

تاہم دونوں ممالک جذبہ خیر سگالی کے تحت بھی قید کئی ماہی گیروں کو رہا کردیتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں