دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ نے 4 دن قبل ہی 2 ارب صارفین کا ہدف عبور کیا، جس کے بعد فیس بک نے دنیا بھر میں اپنے صارفین کو مفت وائی فائی استعمال کرنے کی سہولت بھی فراہم کی۔

فیس بک نے گزشتہ ماہ 27 جون کو 2 ارب صارفین کی حد عبور کی، جس کے فوری بعد ویب سائٹ نے تمام صارفین کو اپنی تصاویر پر مبنی ایک خصوصی ویڈیو بنانے کی سہولت فراہم کی۔

تاہم 3 دن بعد فیس بک نے اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ دیر تک سوشل ویب سائٹ استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک نیا فیچر بھی متعارف کرادیا۔

یہ بھی پڑھیں: صارفین 2 ارب ہونے پر فیس بُک کا تحفہ

فیس بک نے اپنے ایپس فیچرز میں ’فائنڈ وائی فائی‘ نامی فیچر کا 30 جون اور یکم جولائی کی درمیانی شب سے آغاز کردیا۔

اس فیچر کو استعمال کرکے فیس بک صارفین اپنے ارد گرد مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے والے مقامات کا پتہ لگا سکیں گے۔

فائنڈ وائی فائی فیچر قریب ترین اسپاٹ کا پتہ بھی بتائے گا—فوٹو: فیس بک
فائنڈ وائی فائی فیچر قریب ترین اسپاٹ کا پتہ بھی بتائے گا—فوٹو: فیس بک

فیس بک نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس فیچر کو شروعاتی طور پر گزشتہ برس چند ممالک میں متعارف کرایا گیا تھا، لیکن یکم جولائی سے یہ فیچر دنیا کے تمام ممالک میں کام کرنے لگے گا۔

فیس بک کا یہ فیچر کمپنی کے لوکیشن میپ سے جڑا ہوتا ہے، جو صارف کو میپ کی مدد سے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے والے مقامات کا پتہ بتاتا ہے۔

مزید پڑھیں: فیس بک کے 16 اقسام کے صارفین

فائنڈ وائی فائی کے ذریعے صارف ان تمام مفت وائی فائی اسپاٹ کا پتہ لگا سکے گا، جو اس علاقے کے قریب ترین مقامات ہوں گے۔

واضح رہے کہ فیس بک نے اس فیچر کو ابتدائی طور پر گزشتہ برس چند ممالک میں متعارف کرایا تھا، تاہم اب اسے آئی او ایس اور اینڈرائڈ صارفین کے لیے دنیا بھر میں شروع کیا گیا ہے۔

دیگر ممالک کی طرح پاکستانی صارفین بھی اس فیچر سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

ایسا ہی فیچر اسمارٹ موبائلز میں بھی ہوتا ہے، تاہم موبائل فونز صرف اپنی رینج میں آنے والے وائی فائی کا پتہ بتاتی ہیں، مگر فیس بک نہ صرف رینج میں آنے والے اسپاٹ کا پتہ بتائے گا، بلکہ دوسرے قریبی ترین اسپاٹ سے بھی باخبر رکھے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں