مصر کے شہر سیناء کے شمال مشرقی علاقے میں ملٹری کمپاؤنڈ کے ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر کار بم حملے میں کرنل سمیت 10 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کارسوار بمبار نے رفاہ میں واقع ملٹری کمپاؤنڈ کے چیک پوسٹ سے اپنی گاڑی ٹکرادی جس کے بعد درجنوں مسلح دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی جنھوں نے ماسک کے ذریعے اپنے چہروں کو چھپایا ہوا تھا۔

اسپیشل فورسز کے کرنل احمد المنصی بھی ہلاک ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں میں شامل ہیں جبکہ حملے کے بعدجائے وقوعہ کی جانب جانے والی ایمبولینس کے سائرن کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں۔

واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی.

یہ بھی پڑھیں:مصر:قبطی مسیحیوں کی بس پر حملے میں 23 افراد ہلاک

خیال رہے کہ مصر گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ رہا ہے جہاں سیناء کے شمالی علاقوں میں دولت اسلامیہ (داعش) کے دہشت گردوں سے لڑائی بھی جاری ہے۔

مصری فوج کے ترجمان تعمیرالرفاعی نے اس حوالے سےکوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ دوماہ قبل مصر میں داعش نے عیسائیوں کے چرچ اور ایک بس کو نشانہ بنایا تھا جبکہ کم ازکم 4 حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:مصر: پام سنڈے پر قبطی گرجا گھروں میں دھماکے،43 ہلاک

رواں سال مئی میں مصر کے صوبے مینیا میں نقاب پوش نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے قبطی مسیحیوں کی بس پر حملے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے تھے جبکہ اپریل کے مہینے میں طنطا میں پام سنڈے کے موقع پر دو قبطی گرجاگھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے دہشت گردی کے واقعات کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں