پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن کو وزیراعظم کے لیے متفقہ امیدوار لانے پر زور دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سیٹ کے لیے اپنے امیداوار کا بھی اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار لانے کا اعلان کر کے جلد بازی سے کام لیا لیکن پی ٹی آئی اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے حق میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کا فون آیا تھا تاہم انھیں مشاورت کرنے کا کہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی سیٹ این اے 120 لاہور سے یاسمین راشد کو امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف کو مستقل،شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنانےکا فیصلہ

سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فیصلے نے پوری قوم کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا اور فیصلے کے ایک حصے میں نااہلی کی وجوہات کا ذکر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ماضی کی روایات سے ہٹ کر تاریخی فیصلہ کیا گیاہے اور ہم نے قوم کی دعاؤں سے قانونی جنگ جیتی ہے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی اراکین اور ججز قومی ہیروز بھی ہیں ہم انھیں سلام پیش کرتے ہیں اور پارٹی کے اجلاس میں ججوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم کی نااہلی کے بعد پڑنے والے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کی طرف سے اس حوالے سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے۔

شاہ محمود قریشی نے کل یوم تشکر میں تمام کارکنوں اور عوام سے شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کل کے جلسے میں عمران خان قوم کو مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں