جماعت الدعوۃ کا ملی مسلم لیگ کے نام پر سیاست کا اعلان

08 اگست 2017
سیف اللہ خالد ملی مسلم لیگ کے پہلے صدر مقرر کئے گئے ہیں—فوٹو:اے پی
سیف اللہ خالد ملی مسلم لیگ کے پہلے صدر مقرر کئے گئے ہیں—فوٹو:اے پی

کالعدم جماعت الدعوۃ نے نئی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کے نام سے سیاست میں داخل ہونے کا اعلان کردیا۔

جماعت الدعوۃ سے منسلک رہنے والے سیف اللہ خالد کو ملی مسلم لیگ کا پہلا صدرمنتخب کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں سیف اللہ خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان کو 'ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست' بنانے کے لیے کام کرے گی اور ہم خیال جماعتوں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے جماعت الدعوۃ کے بانی حافظ سعید سےمتعلق معلومات دینے والے کو ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ حکومت پاکستان نے رواں سال کے آغاز میں انھیں نظر بند کردیا تھا۔

امریکا اور بھارت سمیت عالمی طاقتیں جماعت الدعوۃ کو لشکر طیبہ کی شاخ تصور کرتے ہیں جبکہ 2008 میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار بھی لشکر طیبہ کو ٹھہرایا گیا تھا جہاں 166 افراد ہلاک ہوگئےتھے۔

دوسری جانب جماعت الدعوۃ نے کسی قسم کی دہشت گرد کارروائیوں سے تعلق کو مسترد کردیا تھا جبکہ جماعت الدعوۃ کو پاکستان میں فلاحی کاموں کے حوالے سے مقبولیت حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں