تحریک ہند کے ہندو قومپرست رہنما سبھاش چندر بوس کی زندگی، جدوجہد اور پراسرار موت پر بنی ویب سیریز شو کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

قریبا 2 منٹ 12 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر کا آغاز ہی سبھاش چندر بوس کی جہاز حادثے میں ہونے والی موت سے ہوتا ہے، لیکن پھر کہانی فلیش بیک میں چلی جاتی ہے۔

سبھاش چندر کی پراسرار موت، ان کے واپس آنے کی چہ مگوئیوں، ان کے زندہ ہونے اور مختلف علاقوں میں چھپے رہنے کی باتوں اور ان کی جدوجہد کو دکھاتے ٹریلر کا اختتام ان کے موت کی شائع ہونے والی اخبار کی خبر پر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ، فلم انڈسٹری اور ہار جیت کی کہانی پر بنی ویب سیریز

لیکن ساتھ ہی بیک گرائونڈ سے یہ آواز بھی آتی ہے کہ وہ زندہ ہے، اور واپس ضرور آئیں گے۔

بوس ڈیڈ/ الائیو نامی اس ویب سیریز میں سبھاش چندر بوس کا کردار راج کمار رائو ادا کر رہے ہیں۔

اس ویب سیریز کی ہدایات پلکٹ نے دی ہیں، جب کہ اس کے کریئیٹو ڈائریکٹر ہنسل مہتا ہیں، اس سیریز کو بگ سینرجی میڈیا پروڈیوس کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ویب سیریز اداکاروں میں مقبول

ریشو ناتھن کی لکھی اس ویب سیریز کو کب ریلیز کیا جائے گا، اس حوالے سے سیریز کی ٹیم نے کوئی اعلان نہیں کیا۔

خیال رہے کہ سبھاش چندر بوس 18 اگست 1945 کو تقسیم ہند سے 2 سال قبل پراسرار طور پر جاپانی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے، اس وقت ان کے پرستاروں اور کارکنان نے ان کی ہلاکت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں