انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

انہوں نے رواں ماہ فیس بک پر ایک پوسٹ کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ جلد شادی کرنے والے ہیں اور اب وہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

زید علی نے اس کا اعلان ٹوئٹر پر کرتے ہوئے لکھا ' نکاح مکمل ہوگیا، اب میں آفیشلی شادی شدہ ہوں'۔

انہوں نے نکاح کے لیے پہنے جانے والے لباس میں ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

ان کے دوست اور یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری اور شام ادریس بھی نکاح کی تقریب میں ان کے ساتھ تھے۔

ویسے تو تصور کیا جاسکتا ہے کہ متعدد خواتین کے دل اس خبر کو سن کر ٹوٹ گئے ہوں گے مگر بیشتر پرستاروں نے اس پر خوشی کا اظہار کیا۔

مگر پھر بھی کسی کو لگتا ہے کہ یہ مذاق نہ ہو اور ٹوئیٹ کیا ' زید علی شادی کی بات کررہے ہیں، اللہ کی قسم مجھے ابھی لگتا ہے کہ یہ مذاق ہے'۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ زید علی کی اہلیہ کون ہیں یا ان کا نام کیا ہے۔

گزشتہ سال ڈان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زید علی نے بتایا تھا کہ ان کے والدین کو اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں اگر وہ اپنی مرضی سے شادی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’پاکستانی فلمیں بولی وڈ اور ہولی وڈ سے بہت صاف ہوتی ہیں‘

زید کا کہنا تھا کہ ’میرے والدین نے مجھے اجازت دی ہے کہ میں کسی سے بھی شادی کرسکتا ہوں، میں کسی ایسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں، جس کا میڈیا یا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں، اس وقت میں صرف 21 سال کا ہوں، اس لیے ابھی میری شادی میں کچھ سال ہیں، میری پسند کی شادی میں یقیناً کوئی مسائل سامنے نہیں آئیں گے‘۔

تاہم جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ پاکستان اپنے لیے لڑکی پسند کرنے آئے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ ’نہیں ایسا نہیں ہے، ویسے پاکستان میں بہت خوبصورت لڑکیاں موجود ہیں‘۔

اب جبکہ انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے فیس بک پر پوسٹ کیا ہے، تو ہمیں امید ہے کہ وہ پھر سے اپنے مداحوں سے مذاق نہ کررہے ہوں۔

خیال رہے کہ 2014 میں زید علی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک دوست کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اگلے ہی دن انہوں نے اس پوسٹ کو اَپ ڈیٹ کیا اور لکھا کہ ’میری منگنی نہیں ہوئی، دراصل میں سب کو اپریل فول بنا رہا تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: زید کی ویڈیو پر سوناکشی کی تنبیہ

لیکن مداحوں کو ان کا یہ مذاق کچھ خاص پسند نہیں آیا تھا، جس پر انہوں نے دوبارہ ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ یہ سب کچھ مذاق میں کیا گیا کیوں کہ اپریل فول ڈے تھا۔

سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرززندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے۔

فیس بک اور ٹوئٹر پر ان کے فینز کی تعداد لاکھوں میں ہے اور ان کی مزاحیہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں