پشاور میں ڈینگی کے باعث 7 افراد جاں بحق اور 1500 سے زائد متاثر ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پشاور میں 15 سو سےزائد افراد ڈینگی سےمتاثر ہوئے ہیں اور اب تک 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ کسی سرکاری عہدیدار کی جانب سے باقاعدہ اعداد وشمار جاری کردیے گئے ہیں۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 15 سو 47 افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جن میں سے 560 مریضوں کو صوبےکے مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا اور 242 مریض تاحال زیرعلاج ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہہ ڈینگی کے مریضوں کی اکثریت خیبر ٹیچنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل ہے جبکہ تہکل پشتخارا، وارسک روڈ اور ڈہ بہادر سب سےزیادہ متاثر ہونے والےعلاقے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا(کے پی) پرویز خٹک اور وزیرصحت شہرام ترکئی نے ڈینگی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تمام جاں بحق ہونے والے مریضوں کے متاثرین کو5 لاکھ روپے ادا کرنے کااعلان کردیا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے کے پی حکومت کو اس حوالے سے تعاون کی پیش کش کی ہے اس سے قبل میڈیکل ٹیم نے صوبے کا دورہ بھی کیا تھا جبکہ وفاقی حکومت نےبھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں