ویس تو بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان ان دنوں اپنے آنے والی فلم ’شیف‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کا پہلا ٹریلر 31 اگست کو جاری کردیا گیا۔

سیف علی خان اس فلم میں ایک باپ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو اپنے جواں سالہ بیٹے کی خواہشات کے مطابق طرح طرح کے لذیذ کھانے بناتے ہیں۔

سیف علی خان کی فلم ’شیف‘ 2014 میں آنے والی امریکی ٹی وی فلم ’شیف‘ کا ہندی ریمیک ہے، ڈائریکٹر راجا کرشنا مینن کی اس فلم کو 6 اکتوبر کو ریلیز کردیا جائے گا۔

’شیف ‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر سیف علی خان نے اپنی نئی فلم کے بجائے پرانی فلم ’ریس‘ سے متعلق بات کی، اور بات کرنے کے دوران وہ قدرے غمزدہ دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس 3‘ میں سلمان خان کا مرکزی کردار فائنل

بھارتی نشریاتی ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ’شیف‘ کے ٹریلر کو ریلیز کیے جانے کے موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ ’انہیں اس حوالے سے پہلے خبر نہیں تھی کہ ریس 3 میں ان کی جگہ سلمان خان کو کاسٹ کیا جائے گا‘۔

سیف علی خان کے مطابق ان سے پروڈیوسر رمیش ایس ترانی نے گزشتہ برس رابطہ کیا تھا، جس دوران انہوں نےاس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ’ریس تھری بنانا چاہتے ہیں، مگر وہ مکمل طور پر نئی فلم ہوگی، جس کی کاسٹ بھی نئی ہوگی‘۔

مزید پڑھیں: ’ریس تھری‘ میں کام کے لیے سلمان کی انوکھی شرط

چھوٹے خان نے پروڈیوسر رمیش ایس ترانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سلمان خان سے بہتر اور کوئی اس کردار کے لیے ہو ہی نہیں سکتا‘۔

انہوں نے سلمان خان، ریس تھری کی کامیابی اور دیگر ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ ریس سیریز کی پہلی 2 فلموں میں سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیے، اس سیریز کی پہلی فلم 2008 اور دوسری 2013 میں آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان 'ریس 3' میں سیف کے کامیاب کردار پر قابض؟

اب فلم کی تیسری سیریز بننے جا رہی ہیں، جس میں سیف علی خان کی جگہ سلمان خان ایکشن میں نظر آئیں گے، جب کہ اس بار فلم کے ڈائریکٹرز کو بھی تبدیل کرکے ریمو ڈی سوزا کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر کو بھی سلمان خان کی فرمائش پر تبدیل کیا گیا ہے، کیوں کہ انہوں نے ریس تھری کا حصہ بننے کے لیے ڈائریٹکٹر کی تبدیلی کی شرط رکھی تھی۔

ریس سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری عباس برما والا اور مستان برماوالا نے دی تھیں، جنہیں عباس مستان کہا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں