ڈرائنگ کرتے کرتے ’پارکنسن‘ کی شناخت ممکن
کہا جاتا ہے کہ کئی بیماریوں کی بروقت نشاندہی نہ ہونے کی وجہ سے کئی لوگ اپنی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، یا ان کے علاج میں مشکل درپیش آتی ہے۔
تاخیر سے پتہ چلنے کے بعد علاج میں کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ دینے والی بیماریوں میں ’پارکنسن‘ کا بھی شمار ہوتا ہے۔
’پارکنسن‘ ایک اعصابی بیماری ہے، جس کا انسانی ذہن اور جسم سے براہ راست تعلق ہوتا ہے، ابتدائی طور پر اس بیماری میں ہاتھ اور جسم کے دیگر حصے تھر تھرانے لگتے ہیں۔
تاہم اب ماہرین نے اس بیماری کی شناخت کے لیے ایک ایسا عام طریقہ ایجاد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو نہ تو اتنا مہنگا ہے، اور نہ ہی اس کے لیے کسی بڑے ڈاکٹر یا ہسپتال کی ضرورت پڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دارچینی، شوگر اور پارکنسن میں مفید
آسٹریلوی ماہرین نے ایک ایسا ڈرائنگ سافٹ ویئر تیار کیا ہے، جس پر ایک پین کی مدد سے ڈرائنگ کرنے سے ’پارکنسن‘ کی شناخت کی جاسکے گی۔

آسٹریلیا کی آر آیم آئی ٹی یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک ایسا ڈرائنگ سافٹ ویئر تیار کیا ہے، جس میں اسکینر کی طرح ایک الگ آلہ نصب کیا جاتا ہے، جس کے اوپر ایک خاص قسم کے کاغذ سے بنی شیٹ رکھی جاتی ہے، اور اس کاغذ پر ایک خصوصی پینسل کے ذریعے سادہ ڈرائنگ بنائی جاتی ہے۔
سائنس جرنل فرنٹیئرز آف نیورولاجی میں شائع مضمون کے مطابق یونیورسٹی کے ماہرین نے اس نئے ڈرائنگ سافٹ ویئر پر 55 افراد کا تجربہ کیا، جن میں سے 27 افراد میں ’پارکنسن‘ کی ابتدائی علامات پائی گئیں۔
مزید پڑھیں: لکھنے کے انداز بدلنے سے پارکنسن کا خدشہ
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سافٹ ویئر پر ڈرائنگ کرنے کے دوران ٹیسٹ دینے والے شخص کے پریشر، ڈرائنگ کے انداز اور اس کی جانب سے پینسل کو دیے جانے والے زور سمیت دیگر چیزوں کا تجزیہ کرنے کے بعد سافٹ ویئر ‘پارکنسن‘ کی نشاندہی کرتا ہے.
رپورٹ کے مطابق ڈرائنگ سافٹ ویئر کے ذریعے صرف ’پارکنسن‘ کی ابتدائی علامات یا بیماری کے شروع ہونے کا پتہ لگایا جاسکے گا، سافٹ ویئر صرف ٹیسٹ کے نتائج میں یہ بتائے گا کہ ٹیسٹ دینے والے شخص کو ’پارکنسن‘ لاحق ہے، یہ نہیں بتائے گا کہ ان کی بیماری کس حد تک بڑھ چکی ہے۔
ڈرائنگ سافٹ ویئر تیار کرنے والے ماہرین کے مطابق اس خصوصی سافٹ ویئر کو چلانے کے لیے کسی بڑے اور تربیت یافتہ ڈاکٹر یا ہسپتال کی ضرورت نہیں پڑے گی، اسے سمجھنے کے بعد کوئی بھی گھر بیٹھے ہی چلاسکے گا، اور ٹیسٹ کے نتائج آسانی سے سمجھے جاسکیں گے۔












لائیو ٹی وی