ہم میں سے بیشتر افراد کبھی نہ کبھی ایسا میسج یا تصویر کسی کو واٹس ایپ پر بھیج دیتے ہیں جس پر بعد میں خواہش ہوتی ہے کہ انہیں واپس کھینچا جاسکے۔

تو اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اب صارفین کا ایک بڑا دردِ سر کم کرنے والی ہے اور بہت جلد اس ایپ میں بھیجے گئے پیغامات کو واپس بلایا جاسکے گا۔

واٹس ایپ نے آخر کار 'ڈیلیٹ فار ایوری ون' نامی فیچر کو متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس سے آپ بھیجے گئے میسج کو پڑھنے سے قبل دوسروں کے فون سے غائب کرسکیں گے۔

صارف کے پاس پانچ منٹ کا وقت ہوگا جس کے دوران وہ بھیجے گئے میسج کو ڈیلیٹ کرسکے گا، تاہم یہ بھی اسی صورت میں ممکن ہوگا جب موصول کرنے والے اسے اوپن نہ کیا ہو۔

ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ WABetaInfo کے مطابق یہ اپ ڈیٹ بہت جلد آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔

اس اکاﺅنٹ کے بقول ' واٹس ایپ نے آخرکار ڈیلیٹ فار ایوری ون فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، میسجنگ ایپ کا سروس اب کام کرنے لگا ہے اور کامیابی سے بھیجے گئے پیغامات کو واپس کھینچا گیا ہے'۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر اس وقت آزمائش کے آخری مراحل سے گزر رہا ہے اور یہ بہت جلد دستیاب ہوگا۔

یہ فیچر ہر طرح کے واٹس ایپ پیغامات بشمول ٹیکسٹ، تصاویر، ویڈیوز، جی آئی ایف، دستاویزات اور اسٹیٹس رئیپلائی پر کارآمد ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ میں پیغامات شیڈول کرنا سیکھیں

اس فیچر کے بارے میں پہلی رپورٹ اپریل میں سامنے آئی تھی جب اسے ایپ کے بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اب یہ بیٹا ورژن 2.17.30 کے کوڈ میں شامل ہے مگر واٹس ایپ نے ابھی تک اسے ان ایبل نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ کی 10 بہترین ٹرکس

ویسے واٹس ایپ نے باضابطہ طور پر اس نئے فیچر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں