کیا جوانی پھر واپس آ رہی ہے؟

14 ستمبر 2017
جوانی پھر نہیں آنی کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
جوانی پھر نہیں آنی کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

ویسے تو گزرا وقت اور بیتی زندگی واپس نہیں آتی، لیکن فلمی دنیا ایک ایسی دنیا ہے، جہاں نہ صرف ماضی کو اسکرین پر واپس دکھایا جاتا ہے، بلکہ کئی سال دور کے مستقبل کی بھی عکاسی کی جاتی ہے۔

اب ایسا ہی ایک پاکستانی فلم کے ذریعے ہونے والا ہے۔

یہ خبریں تو پہلے ہی تھی کہ 2015 میں آنے والی بلاک بسٹر لولی وڈ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل بنایا جائے گا، تاہم گزشتہ 2 سال میں اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی تھی۔

تاہم اب پہلی بار فلم کے اداکار احمد علی بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کے اسکرپٹ کی تصویر شیئر کی۔

یہ بھی پڑھین: 'جوانی پھرنہیں آنی 2' سے پہلے ایک اور فلم

اسکرپٹ کے سروق کی شیئر کی گئی تصویر میں فلم کے سیکوئل کا نام اور اس کے لکھاری واسع چوہدری کا نام پڑھا جاسکتا ہے۔

اسکرپٹ کے سرورق سے پتہ چلتا ہے کہ فلم کے سیکوئل کو ’سکس سگما پلس‘ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

شیئر کی گئی تصویر میں پیش کش میں ہمایوں سعید اور شہزاد نصیب کا نام لکھا ہوا ہے، جب کہ ہدایت کار کی جگہ خالی چھوڑ دی گئی ہے۔

تاہم احمد علی بٹ کی جانب سے پوسٹ کو شیئر کیے گئے کیپشن میں ہدایت کار کا نام ندیم بیگ بتایا گیا، جنہوں نے پہلی فلم کی بھی ڈائریکشن دی تھی۔

مزید پڑھیں: جوانی پھر نہیں آنی میں کیا خاص بات ہے؟

احمد علی بٹ نے شکرانے ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ پر کام کا آغاز کردیا گیا، انہوں نے لکھا کہ کامیابی مسلسل اور سخت کام کے بعد ہی ملتی ہے۔

خیال رہے کہ 2015 میں آنے والی فلم میں احمد علی بٹ،ہمایوں سعید ، واسع چوہدری، حمزہ علی عباسی، مہوش حیات، عائشہ خان اور ثروت گیلانی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

فلم نے خوب بزنس کیا تھا، فلم کو پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں حال ہی میں احمد علی بٹ، ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ بھی ریلیز کی گئی، جس نے شائقین کی خوب توجہ حاصل کی۔

تبصرے (0) بند ہیں