کنگنا رناوٹ مساوات پر مبنی معاشرے کی خواہاں

15 ستمبر 2017
فیمنزم فری معاشرہ چاہتی ہوں، اداکارہ —فائل فوٹو
فیمنزم فری معاشرہ چاہتی ہوں، اداکارہ —فائل فوٹو

بولی وڈ کی کوئین اداکارہ کنگنا رناوٹ کو کھری، بے باک اور بہادر اداکارہ مانا جاتا ہے، کیوں کہ وہ مردانہ سلطنت پر قائم بھارت کی فلم انڈسٹری کے نقائص اور خرابیوں پر بات کرتی ہیں۔

کنگنا رناوٹ گزشتہ ایک سال سے بولی وڈ میں اقربا پروری پر بات کرنے کی وجہ سے خبروں میں رہیں۔

ابھی اقربا پروری اور اپنوں کو نوازنے کے خلاف کنگنا رناوٹ کی مہم ختم ہی نہیں ہوئی تھی کہ رواں ماہ 5 ستمبر کو انہوں نے بھارت کے انڈیا ٹی وی کے پروگرام ’عوام کی عدالت‘ میں ہریتھک روشن اور ادیتیا پنچولی جیسے اداکاروں کی جانب سےانہیں بلیک میل کیے جانے سے متعلق کئی انکشافات کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہریتھک شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے‘

ابھی ہریتھک روشن اور ادیتیا پنچولی کی جانب سے کنگنا رناوٹ کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں پر بات کا سلسلہ تھما ہی نہیں تھا کہ ’فیشن‘ ہیروئن ایک انٹرویو کے دوران مزید کئی بے باک باتیں کہہ کر اپنے مخالفین سے بازی لے گئیں۔

ممبئی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ ’فیمنزم فری‘ معاشرہ چاہتی ہیں، وہ ایسا معاشرہ چاہتی ہیں، جس میں مساوات ہوں اور فیمنزم کی ضرورت ہی نہ پڑے۔

کنگنا رناوٹ نے وضاحت کی کہ ’فیمنزم کی ضرورت ہی اس وقت پڑتی ہے، جب صنفی مساوات نہیں ہوتے‘، اور ’فیمنزم‘ کو برابری کے حقوق اور مساوات کے لیے دوا کے طور پر استعمال کیے جانے کی ضرورت پڑتی ہے۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

کنگنا رناوٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ ’ وہ مرد مخالف نہیں ہیں‘ بلکہ وہ تو مساوات پر مبنی معاشرہ چاہتی ہیں، جہاں برابری اور یکساں حقوق کے لیے کسی ’فیمنزم‘ جیسی دوائی کی ضرورت ہی نہ پڑے۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ کی فلم ’سمرن‘ 15 ستمبر کو ریلیز کردی گئی۔

فلم میں کنگنا رناوٹ نے ایک ہنستی مسکراتی اور زندگی کے مزے لوٹتی مگر ایک چور لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی کہانی امریکا میں ڈیپارٹمینٹل اسٹور پر چوری کے الزام میں جیل کی سزا پانے والی ایک ہندوستانی لڑکی کے واقعے سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں