پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے لیے منتخب ہونے والی چھٹی ٹیم ’ملتان سلطانز‘ کے لوگو اور کِٹ کی تقریب رونمائی میں کرکٹ حلقے کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

اس تقریب کے موقع پر ٹیم کے ڈائریکٹر کرکٹ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی بطور چھٹی ٹیم ٹورنامنٹ میں آمد سے پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن گذشتہ دو ٹورنامنٹ سے زیادہ دلچسپ ہونے والا ہے۔

ملتان سلطانز کے لوگو اور کٹ کی تقریب رونمائی — فوٹو بشکریہ ملتان سلطانز
ملتان سلطانز کے لوگو اور کٹ کی تقریب رونمائی — فوٹو بشکریہ ملتان سلطانز

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ شائقین کرکٹ کے لیے بھی پرجوش ہوگا کیونکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی وجہ سے اب شائقین کو زیادہ سے زیادہ ہوم میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔

وسیم اکرم نے اس سے قبل پی ایس ایل سیزن ون کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اپنی خدمات پیش کی تھیں۔

اس موقع پر پی ایس ایل فرنچائز ’ملتان سلطانز‘ کے ڈائریکٹر اشعر شون نے ہیڈ کوچ کی تقرری اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی ٹام موڈی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سر انجام دیں گے۔

مزید پڑھیں: وقار یونس اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹیم ڈائریکٹر مقرر

ٹام مودی اس سے قبل دنیا کی مختلف مقامی کرکٹ لیگز میں بہترین ٹیموں کی کوچنگ کرچکے ہیں، جبکہ 2007 میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران انہوں نے سری لنکن ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیے تھے، اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا کو ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

اشعر شون کا کہنا تھا کہ انہیں ٹام موڈی کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے اور وہ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے حوالے سے بہترین انتخاب ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹام موڈی کو دنیا بھر کی کئی کرکٹ فرنچائز کے ساتھ کام کرنے کا تجرجہ ہے جو پاکستان میں نئے کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وسیم اکرم کراچی میں ملتان سلطانز کے لوگو اور کٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ ملتان سلطانز
وسیم اکرم کراچی میں ملتان سلطانز کے لوگو اور کٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو بشکریہ ملتان سلطانز

خیال رہے کہ حال ہی میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وسیم اکرم اور وقار یونس دوبارہ ملتان سلطانز کے زیر سایہ ایک ساتھ ہوں گے، تاہم وقار یونس کے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئیں تھی۔

فرنچائز مالک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کو خوش آمدید کہا جارہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ شائقین کی جانب سے ملنے والی پذیرائی ہمارے لیے باعث فخر ہے جس کی مدد سے درست ٹیم کے انتخاب میں حوصلہ افزائی ہو گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں