اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں بھارت کے کردار کو تسلیم نہیں کرتا اور ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے حالیہ امریکی پالیسی کے جواب میں اپنا نقطہ واضح کیا ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم داعش کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس تنظیم کا وجود نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مضبوط روابط ہیں جو افغانستان میں موجود ہیں اور یہ تنظیمیں بھارت سے فنڈنگ لے کر ان ہی کے کہنے پر پاکستان میں کارروائیاں کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت سے مالی معاونت لینے والی تنظیموں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار سمیت دیگر تنظیمیں بھی شامل ہیں۔

مزید دیکھیں: خواجہ آصف نے امریکیوں کو کھری کھری سنا دیں

نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت ان ہی تنظیموں کی مدد سے کلبھوشن یادیو جیسے جاسوس پاکستان بھیجتا اور دہشت گرد کارروائیاں کرواتا ہے۔

پاک-افغان تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور اسی وجہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے افغان ہم منصب اور افغانستان کے مشیر قومی سلامتی سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا چار فریقی تعاون گروپ (کیو سی جی) کا حصہ ہے اور اس کے تحت افغانستان میں اسے مفاہمتی عمل حصہ بننا چاہیے۔

پاکستان، افغانستان اور چین کے سہ فریقی اجلاس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں معاشی تعاون کے فروغ پر بات کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-چین فضائی مشق 'شاہین-VI' کا اختتام

دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کے حوالے سے نفیس زکریا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان نے انتہائی خلوص کے ساتھ اپنی سرزمین پر انسداد دہشت گردی کے لیے تمام تر اقدامات کیے اور عالمی طاقتیں اس جنگ میں پاکستان کی کاوشوں، کامیابیوں اور قربانیوں کو تسلیم کرتی ہیں۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف کے دورہ امریکا کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی و معاشی کامیابیوں کو عالمی طاقتوں کے سامنے بہتر انداز میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان میں بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر بھی واضح کیا۔

مزید پڑھیں: ’بھارت، کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئےتصویر کے پیچھے چھپ رہا ہے‘

نفیس زکریا کے مطابق وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے حوالے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 7 کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے شہید کیا۔

نفیس زکریا نے بتایا کہ پاکستان، روس اور چین کے ساتھ الگ الگ پاکستان فوجی مشقیں آئندہ ماہ منعقد کی جائیں گی۔

پاک-چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی سی پیک میں شمولیت کے حوالے سے پاکستان اور چین تفصیلات طے کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں