پاک-افغان تعاون کیلئے ٹاسک ٹیمیں بنانے پر اتفاق

01 اکتوبر 2017
دونوں ممالک نے ماضی کو بھلا کر بہتر مستقبل کے لیے تعاون پر اتفاق کیا—فوٹو:ارگ
دونوں ممالک نے ماضی کو بھلا کر بہتر مستقبل کے لیے تعاون پر اتفاق کیا—فوٹو:ارگ

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ٹاسک ٹیمیں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

افغان خبرایجنسی طلوع کی رپورٹ کے مطابق جنرل قمر باجوہ اور اشرف غنی کے درمیان صدارتی محل کابل میں ملاقات ہوئی جہاں دو طرفہ تعلقات، امن و اسحتکام، انسداد دہشت گردی کے لیے کوششوں، کاروباری اور دیگر تعلقات زیر بحث آئے۔

اشرف غنی نے اس ملاقات کو افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا ایک نیا سیشن قرار دیا اور کہا کہ تعاون کے لیے اچھے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

جنرل قمر باجوہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے کہا کہ اسلام آباد انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں افغانستان کی مدد کے لیے تیار ہے جو دونوں کے لیے مشترکہ خطرہ ہے۔

پاکستانی وفد نے کہا کہ وہ افغانستان کی سربراہی میں امن کوششوں میں تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:'افغانستان الزام تراشیوں کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے'

رپورٹ کے مطابق افغان صدر نے مختلف شعبوں میں تعاون پرفریم ورک کے لیے ٹاسک ٹیمیں بنانے پر اور اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ اس پر عمل درآمد کے لیے دونوں جانب سے مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بنانا چاہیے اور اس کے لیے ایک مقررہ حد بھی طے ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں:افغان صدر کی پاکستان کو 'جامع مذاکرات' کی پیشکش

پاکستانی وفد نے ٹاسک ٹیم بنانے،عملی اقدامات کےمسودے پرکام کرنے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا۔

افغان صدر نے کہا کہ امن اوراستحکام پاکستان،افغانستان میں عوام کی بہتری،غربت مٹانے کے لیے اہم ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے ماضی کو بھلا کربہترمستقبل کے لیے سخت محنت کرنے پراتفاق کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں