اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے ’وزارت میری ٹائم‘ رکھنے کی منظوری دے دی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا ختم کرنے کے معاہدے کے مذاکراتی مسودہ اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور بلغاریہ کی زرعی اکیڈمی کے درمیان زرعی تحقیق کے میدان میں سائنسی و تکنیکی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

اجلاس نے سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاﺅ اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالہ سے مالیاتی اجتناب کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کے تقرر کی منظوری دی جبکہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ’ویلفیئر سیٹیزن بل 2017‘ پر بھی غور کیا گیا، مجوزہ بل کا مقصد ملک کے بزرگ شہریوں کو سہولت دینا اور ان کی ضروریات پورا کرنا ہے۔

کابینہ کو وفاقی سطح پر سینٹرل سُپیریئر سروسز (سی ایس ایس) میں بھرتی کے لیے صوبائی کوٹہ رجیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث اور مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں بھی اس پر بات کی جائے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ پالیسی کے تناظر میں کوٹہ رجیم کے جامع جائزے کے ساتھ ساتھ پالیسی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مناسب تجاویز بھی دے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں