’کسی کو یہ حق نہ دیں کہ وہ آپ کی شخصیت بیان کرسکے‘

17 اکتوبر 2017
پاکستان لوریل برائیڈل ویک کے اسٹیج پر ماہرہ خان سفید جوڑے میں نہایت پُرکشش نظر آئیں—۔
پاکستان لوریل برائیڈل ویک کے اسٹیج پر ماہرہ خان سفید جوڑے میں نہایت پُرکشش نظر آئیں—۔
انہوں نے اس دوران اپنے لوریل امبیسیڈر بننے کا اعلان کیا —۔
انہوں نے اس دوران اپنے لوریل امبیسیڈر بننے کا اعلان کیا —۔

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان پاکستان لوریل برائیڈل ویک کے آخری روز ریمپ پر جلوہ گر تو ہوئیں لیکن کسی ڈیزائنر کی کلیکشن کی شو اسٹاپر بن کر نہیں بلکہ اپنے مداحوں کو ایک سرپرائز دینے کے لیے۔

ماہرہ خان نے اس ایونٹ میں اعلان کیا کہ وہ دنیا بھر میں مقبول میک اپ برانڈ لوریل پیرس کی سفیر منتخب ہوچکی ہیں اور وہ پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا۔

خیال رہے کہ بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، سونم کپور اور دپیکا پڈوکون بھی اس برانڈ کی سفیر ہیں، جبکہ ہولی وڈ اداکارائیں نومی واٹسن، ایوا لونگوریا اور ہیلن میرن بھی سالوں سے اس برانڈ کی نمائندگی کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: کانز میلے میں دپیکا پڈوکون کے اسٹائل کی دھوم

پاکستان لوریل برائیڈل ویک کے اسٹیج پر ماہرہ خان سفید جوڑے میں نہایت پُرکشش نظر آئیں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’میں لوریل پیرس کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں، یہ برانڈ خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام دیتا ہے اور ان کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ کامیابیوں پر بھی فوکس کرتا ہے‘۔

#MahiraKhan has a message for women and she wants you to listen up!!! She's on 🔥! #plbw17

A post shared by IMAGES (@dawn_images) on

ماہرہ خان نے مزید کہا کہ ’زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ اور وہ چند غلطیاں جو ہم سے ہوجاتی ہیں، اور وہ تمام کامیابیاں جو ہمیں ملیں، ان سب کے حوالے سے کسی کو بھی یہ حق نہ دیں کہ وہ آپ کی شخصیت بیان کرسکے، اگر کوئی آپ کی شخصیت کے بارے میں بتا سکتا ہے تو وہ صرف آپ ہیں، اور اس کا حق صرف آپ کو ہی ہونا چاہیے، کیوں کہ مجھ سمیت جتنی بھی خواتین ہیں، ہم سب بہت قیمتی ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ اور رنبیر کی تصاویر پر مداحوں کی تنقید

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ماہرہ خان کی بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ لندن میں لی گئیں چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں وہ مختصر لباس میں سگرٹ پیتے نظر آئی تھیں۔

ان تصاویر پر لوگوں نے رنبیر کپور کے بجائے صرف ماہرہ خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ اداکار رنبیر کپور نے بھی ماہرہ خان کا ساتھ دیتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان پر تنقید نہ کریں.

مزید پڑھیں: ماہرہ پر تنقید کرنا ناانصافی ہے، رنبیر

رنبیر کا کہنا تھا کہ ’ماہرہ کے بارے میں اس قسم کی باتیں کہنا اور ان پر تنقید کرنا ناانصافی ہے، اس سے زیادہ دکھ کی بات یہ ہے کہ ان کے خاتون ہونے کی وجہ سے ان پر زیادہ تنقید کی گئی، میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اس بات کو یہی ختم کریں اور خدا نے جو اتنی خوبصورت زندگی آپ کو تحفے میں دی ہے اس پر غور کریں‘۔

تاہم ماہرہ خان اس دوران خاموش رہیں اور انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کو نظر انداز کیا، لیکن ان کا ریمپ پر دیا گیا یہ جواب یقیناً تمام تنقید کرنے والوں کے مُنہ پر تالے لگادے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان ’ورنہ‘ میں بدلہ لینے کو تیار

اگر فلموں کے حوالے سے بات کی جائے تو ماہرہ خان اس وقت ہدایت کار شعیب منصور کی فلم 'ورنہ' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے ٹیزر نے مداحوں کو خوب متاثر کیا۔

فلم ’ورنہ‘ رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں