ایشیا کپ ہاکی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ برابری پر ختم ہوا جس سے قومی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں جاری ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کا دوسرے میچ میں جنوبی کوریا سے مقابلہ ہوا اور اعجاز احمد نے 15ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی جو اگلے دو کوارٹرز تک برقرار رہی جبکہ اس دوران قومی ٹیم نے گول کرنے کے مزید کئی مواقع بھی ضائع کیے۔

میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں نمیونگ لی نے جنوبی کوریا کیلئے گول اسکور کر کے مقابلہ کردیا اور میچ کے اختتام تک یہی اسکور برقرار رہا۔

یہ میچ ڈرا کھیلنے کے بعد پاکستان کے ایونٹ کے فائنل میں رسائی کی امیدیں تقریباً دم توڑ چکی ہیں کیونکہ اب تک اس کا دو میچوں میں صرف ایک پوائنٹ ہے جبکہ گرین شرٹس کو اگلا میچ فیورٹ بھارت سے کھیلنا ہے۔

ادھر بھارت نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ملائیشیا کو با آسانی 6-2 گولز سے ہرا دیا۔

بھارتی ٹیم میچ کی ابتدا سے ہی حاوی رہی اور پہلے ہاف میں تین گول کی برتری لینے کے بعد اگلے ہاف میں مزید تین گول اسکور کر کے ملائیشیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں