پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ عامر لیاقت سمیت دیگر رائے سازوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’میں عامر لیاقت سے رابطے میں ہوں اور گذشتہ روز کچھ دیگر رائے سازوں کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی‘۔

خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما عامر لیاقت کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے خبریں اس وقت منظر عام پر آئیں جب پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ڈاکٹر عامر لیاقت 25 اکتوبر کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے‘۔

دوسری جانب معروف اور متنازع ٹی وی اینکر اور سابق ایم کیو ایم رہنما ان رپورٹس پر خاموش ہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عامر لیاقت نے ان کی پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ٹی آئی ایک متنازع شخص کو پارٹی میں شامل کرنے کا سوچ رہی ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ان کو لوگ دیکھتے ہیں یہ سب سے بڑا فائدہ ہے، وہ کسی بھی پارٹی کے لیے اور الیکشن میں فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: 'وسائل لوگوں پر خرچ ہوں تو سندھ کے تمام مسائل حل ہوجائیں'

واضح رہے کہ عامر لیاقت نے اگست 2016 میں ایم کیو ایم سے اپنے راستے جدا کرلیے تھے اور کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سیاست سے راہیں جدا کرلی جائیں۔

یاد رہے کہ اس اعلان سے قبل عامر لیاقت کو کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ میں قائم ان کے دفتر سے رینجرز نے حراست میں لیا تھا تاہم کچھ گھنٹوں کے بعد ان کو رہا کردیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ عامر لیاقت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر 2008 میں ایم کیو ایم سے نکال دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی پارٹی رکنیت کو کچھ سالوں کے بعد دوبارہ بحال کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں