'پدماوتی' سنجے لیلا کی پہلی 3 ڈی فلم

26 اکتوبر 2017
فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے —۔
فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے —۔

اس سال کی سب سے زیادہ خبروں میں رہنے والی بولی وڈ فلم ’پدماوتی‘ کا انتظار مداح ویسے ہی بےصبری سے کررہے ہیں اور اب فلم کے حوالے سے ایک اور مثبت خبر سامنے آگئی۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی شاندار فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جسے اب سینما گھروں میں 2ڈی اسکرین کے ساتھ ساتھ 3ڈی اسکرینز پر بھی پیش کیا جائے گا۔

مڈ ڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم سے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’فلم کے ایگزیکٹوز اس خبر سے کافی خوش ہیں اور بےحد پرجوش بھی ہیں، فلم کے ٹریلر دیکھنے دیکھنے کے بعد انہوں نے پروڈکشن کمپنی ویاکام 18 سے کہا کہ اس فلم کو ناظرین کو 3ڈی میں بھی دکھانا چاہیے، تاکہ وہ بھنسالی صاحب کے انداز میں اس فلم سے محظوظ ہوسکیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم ’پدماوتی‘ 170 کروڑ ہندوستانی روپے کے بجٹ پر بنائی گئی ہے، اور یقیناً 3ڈی اسکرینز کا آپشن فلم کو مزید کامیاب کرسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلم کی ٹیم اس خبر کا اعلان ایک شاندار مارکیٹنگ انداز میں رواں ماہ 30 تاریخ کو کرے گی، جب تک اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا، فی الحال ہولی وڈ کے تکنیکی ماہرین اس حوالے سے فلم پر کام کررہے ہیں۔

اس فلم کو ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ڈب کیا جائے گا۔

فلم ’پدماوتی‘ کی کہانی چتوڑ گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے، جن کی خوبصورتی کی چرچا دور دور تک پھیلی ہوئی تھی۔

فلم رواں سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں