سری لنکا کا انڈر19 اور اے ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2017
سری لنکن ٹی20 ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا کولمبو میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن ٹی20 ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا کولمبو میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: لاہور میں ٹی20 میچ کے شاندار سیکیورٹی انتطامات اور کامیاب انعقاد سے متاثر سری لنکن حکام نے مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے زمبابوے کے سوال کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا اور ساڑھے آٹھ سال کے طویل عرصے کے بعد حملے سے متاثرہ سری لنکن ٹیم نے ہی ہمت دکھاتے ہوئے پاکستان کا دورہ کر کے دنیائے کرکٹ کو مثبت پیغام دیا۔

سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے کہا کہ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات نے ہماری قومی ٹیم کو بہت متاثر کیا۔

پاکستان سے وطن واپسی کے ایک دن بعد کولمبو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وہی سیکیورٹی فراہم کی جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا تھا اور ہم تمام تر انتظامات سے مطمئن ہیں۔

ڈی سلوا نے مزید کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ جلد جونیئر ٹیمیں پاکستان بھیجے گا جس کے بعد بہت جلد سینئر ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان شامل نہیں لیکن ہم جلد از جلد ایک سیریز کی گنجائش نکال لیں گے، ہم جلد ہی پاکستان اپنی انڈر19 اور اے ٹیم بھیج رہے ہیں۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان تھسارا پریرا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متعدد ٹیم اراکین نے اپنی حفاظت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن گزشتہ ماہ ورلڈ الیون کے تین میچوں کی سیریز کے تجربے کو مدنظر رکھ کر میں انہیں بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرانے میں کامیاب رہا۔

انہوں نے پاکستانی سیکیورٹی کو لاجواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے نو سالہ کرکٹ کیریئر میں ایسی سیکیورٹی نہیں دیکھی اور میں سمجھتا ہوں کہ ہم پاکستان میں دوبارہ کھیل سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ سیریز کے ابتدائی دو ٹی20 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے اور تیسرے ٹی20 میچ کیلئے میزبان ٹیم نے پاکستان کا دورہ کر کے لاہور میں ٹی20 میچ کھیلا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں