اسٹارک نے دونوں اننگز میں ہیٹ ٹرک کر کے تاریخ رقم کردی

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2017
اسٹارک سے قبل یہ کارنامہ 40 سال پہلے پاکستانی کھلاڑی امین لاخانہ نے انجام دیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
اسٹارک سے قبل یہ کارنامہ 40 سال پہلے پاکستانی کھلاڑی امین لاخانہ نے انجام دیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک ہی میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کر کے تاریخ رقم کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے آٹھویں باؤلر بن گئے۔

انہوں نے شیفلڈ شیلڈ ٹورنامنٹ میں نیوساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرتے ہوئے ویسٹرن آسٹریلیا کے خلاف چار روزہ میچ کی دونوں اننگز میں شاندار ہیٹ ٹرکس کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔

وہ گزشتہ 40 برسوں بعد ایک ہی فرسٹ کلاس میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کرنے والے دنیا کے پہلے باؤلر بن گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر یہ اعزاز پانے والے آسٹریلیا کے تیسرے اور دنیا کے آٹھویں باؤلر ہیں۔

اس سے قبل آخری بار 79-1978 میں پاکستان کے امین لاخانی نے فرسٹ کلاس میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کی تھیں۔

اسٹارک کے علاوہ رولینڈ جنکنز، امین لاخانی، جمی میتھیوز، کلیری پارکر، جوگندر راؤ، الفریڈ شا اور البرٹ ٹروٹ کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک ہی میچ میں دو ہیٹ ٹرکس کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اسٹارک کی شاندار باؤلنگ اور اسٹیون اسمتھ کی سنچری کی بدولت نیوساؤتھ ویلز نے ویسٹرن آسٹریلیا کو چار روزہ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 171 رنز سے ہرا دیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے آخری روز نیوساؤتھ ویلز نے 300 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے ویسٹرن آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 395 رنز کا ہدف دیا، کپتان اسٹیون اسمتھ نے شاندار سنچری بنائی اور 127 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواب میں ویسٹرن آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، شان مارش 91 اور 86 رنز بنانے والے بینکرافٹ کے سوا کوئی بھی کھلاڑی حریف باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔

اسٹارک نے دونوں اننگز میں ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ میچ میں مجموعی طور پر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں