خواتین کو ہراساں کرنا، ماہرہ نے بتائے 3 اہم سچ

10 نومبر 2017
ماہرہ خان فلم ’ورنہ‘ میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں جس کے ساتھ زیادتی کی جاتی ہے — فائل فوٹو
ماہرہ خان فلم ’ورنہ‘ میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں جس کے ساتھ زیادتی کی جاتی ہے — فائل فوٹو

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ورنہ‘ میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں، جس کا ریپ کیا جاتا ہے تاہم وہ بعدازاں بدلہ لینے کے لیے آگے بڑھتی ہیں۔

فلم کے ایسے موضوع کے باعث اس کی پروموشنز کے دوران بھی ماہرہ خان سے لڑکیوں کو ہراساں کرنے اور ریپ کے واقعات کے حوالے سے کئی سوالات کیے جارہے ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنی فلم کی تشہیر کے دوران برطانوی میڈیا سے بات کی جہاں اُن سے اِس ہی موضوع پر سوالات کیے گئے۔

خواتین کو اپنی زندگی میں ذہنی اور جنسی ہراساں کرنے کے کئی واقعات کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے خاص کر ان خواتین کو جو گھر سے باہر بھی کام کرتی ہیں.

مزید پڑھیں: ماہرہ خان ’ورنہ‘ میں بدلہ لینے کو تیار

خواتین کے ساتھ جنسی تشدد اور دفاتر میں ہراساں کرنا 2 ایسے موضوع ہیں، جنہیں پاکستان میں ابھی صحیح انداز میں سمجھا نہیں گیا اور ماہرہ خان نے اپنے انٹرویو کی مدد سے خواتین کو ہراساں کرنے کے 3 اہم سچ بیان کیے۔

1- اگر کوئی خاتون اپنی زندگی میں کسی کی جانب سے ہراسان ہونے پر محفوظ رہی تو اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ وہ دوسری خواتین سے بہتر ہیں بلکہ یہ اس کی اچھی قسمت ہے

ماہرہ خان نے بتایا کہ انہیں اپنے کیریئر میں کبھی اس قسم کے ناخوشگوار واقعات کا سامنا کرنا نہیں پڑا، لیکن اس کی وجہ یہ بالکل نہیں کہ وہ کیسے لباس پہنتی ہیں اور کس سے کس طرح بات کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر میں بہت کم لوگوں سے ملی اور ان کے ساتھ کام کیا اور یہ ان کی اچھی قسمت تھی کہ انہیں کسی نے ہراساں نہیں کیا۔

2- لباس کا ہراساں ہونے سے کوئی تعلق نہیں

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں کہ وہ خواتین کے لباس کو دیکھ کر انہیں ہراساں کرسکے۔

ماہرہ کا کہنا تھا کہ ’یہ میری مرضی ہے کہ میں کس طرح کا لباس پہنوں، کس سے بات کروں، کیسے چلوں یا کیسے کام کروں، کسی کو یہ اجازت نہیں ملتی کہ وہ مجھے ہراساں کرسکے‘۔

3- کم عمر لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات زیادہ سامنے آتے ہیں

ماہرہ خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں سے کافی دیر میں اداکاری شروع کی، تب تک وہ ماں بھی بن چکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ لوگ زیادہ تر نوجوان لڑکیوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیوں کہ وہ کچھ کہنے سے ڈرتی ہیں اور مقابلہ نہیں کرپاتیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ نے ماہرہ کی فلم ’ورنہ‘ کا ٹریلر دیکھ لیا؟

ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘ رواں ماہ 17 نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

اس فلم کی ہدایات شعیب منصور نے دی ہیں، جس میں ہارون شاہد بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں