امتیاز علی نے ’راک اسٹار‘ میں کاسٹ کرکے میری زندگی بچائی، نرگس

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2017
نرگس فخری نے 2011 میں بولی وڈ میں ڈیبیو کیا —۔
نرگس فخری نے 2011 میں بولی وڈ میں ڈیبیو کیا —۔

بولی وڈ فلم ’راک اسٹار‘ کو ریلیز ہوئے پورے 6 سال گزر گئے، تاہم آج بھی مداحوں کے ساتھ ساتھ فلم کے اداکار اس میں کام کرنے کے تجربے کو نہیں بھولے۔

اداکارہ نرگس فخری نے رنبیر کپور کی اس شاندار فلم کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا، جنہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اس فلم کو سائن کیوں کیا اور ان کا تجربہ کیسا رہا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نرگس فخری نے کبھی بھی اپنے کیریئر میں ایک مکمل اداکارہ بننے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، جبکہ انہوں نے فلم راک اسٹار صرف یہ سوچ کر سائن کی کہ وہ اپنے والدین کی ثقافت کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔

مزید پڑھیں: نرگس فخری پاکستان میں کام کی خواہشمند

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے اس پروجیکٹ پر کام کرنے کا ارادہ کیا تو اس وقت میں نے صرف یہی سوچا تھا کہ مجھے ایک نئے ملک جانے کا موقع ملے گا جہاں میں اپنے والد اور والدہ کی ثقافت کو سمجھ پاؤں گی، کیوں کہ فلم کی شوٹنگ شمالی بھارت اور چیک جمہوریہ میں ہورہی تھی تو میں کافی پرجوش تھی‘۔

خیال رہے کہ نرگس فخری کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ ان کی والدہ چیک جمہوریہ سے تعلق رکھتی ہیں۔

نرگس نے مزید کہا کہ ’اس فلم کی شوٹنگ ایک خاص سفر تھا جس نے میری زندگی تبدیل کردی، میں ہمیشہ امتیاز علی کی شکر گزار رہوں گی کہ انہوں نے مجھے اس خوبصورت فلم کا حصہ بنایا، انہوں نے میرا انتخاب کرکے میری زندگی بچائی اور میرے آس پاس موجود لوگوں کی زندگی تبدیل کردی، میں یقیناً ایک دن انہیں ضرور بتاؤں گی کہ انہوں نے ایسا کرکے کسی کی جان تک بچائی ہے‘۔

2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راک اسٹار‘ نے واقعی 38 سالہ نرگس فخری کی زندگی تبدیل کردی، وہ اس کے بعد بولی وڈ کی کئی اور فلموں کا بھی حصہ بنی جن میں ’مدراس کیفے‘، ’میں تیرا ہیرو‘ اور ’بنجو‘ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نرگس فخری کی 12 سال پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

تاہم نرگس کے لیے ان کی ڈیبیو فلم ہمیشہ بےحد خاص رہے گی، کیوں کہ اس فلم سے انہیں اداکاری کی فیلڈ میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں راک اسٹار سے قبل اداکارہ نہیں تھی اور نہ ہی میں نے کبھی اداکارہ بننے کے بارے میں سوچا تھا، جب مجھے راک اسٹار کی کہانی سنائی گئی، مجھے اس کہانی سے اس ہی وقت پیار ہوگیا، اس نے میرے دل کو چھولیا، اور جب مجھے یہ پتا چلا کے فلم کو پسند کیا جارہا ہے، مجھے اور بھی زیادہ خوشی ہوئی، اس سے قبل میں نے کوئی امید نہیں لگائی تھی، نہ تو میں نے بھارت میں رہنے کا سوچا تھا‘۔

فلم ’راک اسٹار‘ کی ریلیز کے بعد اسے تجزیہ کاروں کے ساتھ ساتھ شائقین نے بھی بےحد پسند کیا، تاہم اس کے باوجود ریلیز کے بعد سے نرگس کا فلم کی کاسٹ اور ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ چھوڑنے کی خبروں پر نرگس فخری کا ردعمل

انہوں نے بتایا کہ ’راک اسٹار کی ریلیز کے بعد سے اب تک ٹیم میں سے کسی سے میری بات نہیں ہوئی، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سیٹ پر کی گئی دوستی صرف وہی تک رہ جاتی ہے‘۔

اس وقت نرگس فخری اپنی ہولی وڈ فلم ’5 ویڈنگز‘ کی شوٹنگ کررہی ہیں، وہ اس سے قبل ایک اور ہولی وڈ فلم ’اسپائی‘ میں کام کرچکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں