کامران اور سلمان بٹ کا اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ

24 نومبر 2017
سلمان بٹ تاریخی اننگز کھیلنے پر ساتھی کھلاڑی کامران اکمل کو داد دے رہے ہیں— فوٹو: آن لائن
سلمان بٹ تاریخی اننگز کھیلنے پر ساتھی کھلاڑی کامران اکمل کو داد دے رہے ہیں— فوٹو: آن لائن

راولپنڈی: قومی ٹی20 کپ میں لاہور وائٹس کے کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 209 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹی20 کرکٹ میں بڑی اوپننگ شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری قومی ٹی20 کپ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرنے والے کامران اکمل اور سلمان بٹ نے جمعہ کو اسلام آباد کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپننگ شراکت داری میں 209 رنز جوڑ کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

کامران اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خبر لیتے ہوئے صرف 71 گیندوں پر 12 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سلمان بٹ نے 55 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

کامران اور سلمان نے ٹی20 میں بڑی اوپننگ شراکت داری کا کینٹ کے بلے بازوں جوئے ڈینلی اور ڈینل بیل ڈرومونڈ کا ریکارڈ توڑ ڈالا، دونوں بلے بازوں نے رواں برس کے شروع میں نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی میچ میں 207 رنز کی اوپننگ شراکت جوڑ کر تاریخ رقم کی تھی۔

دوسری جانب کامران اکمل نے میچ میں 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

12 چھکوں اور 14 چوکوں سے مزین یہ اننگز ٹی20 کی تارتخ میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی پلیئر کی بڑی انفرادی اننگز ہے۔

کامران اکمل پاکستان کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں 150 رنز کی اننگز کھیلنے والے پہلے بلے باز ہیں جبکہ مجموعی طور پر وہ واحد وکٹ کیپر بلے باز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے اور اس سے قبل سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کو اس اعزاز سے محروم کردیا جنہوں نے 126 رنز کی اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس اننگز کے ساتھ ہی وہ مسلسل پانچ ٹی20 اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے بھی پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں اس سے قبل انہوں نے 52، 65، 63 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔

ٹی 20 میں بڑی اننگز کا عالمی ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں 175 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں