پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مندی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 398 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40 ہزار سے گر کر 39 ہزار 634 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں کاروبار کا آغازی تیزی کے ساتھ ہوا اور چند ہی لمحوں میں دن کی بلند تر سطح 40 ہزار 126 پوائنٹس تک پہنچ گیا لیکن یہ رفتار جاری نہیں رہ سکی۔

پی ایس ایکس میں کاروباری سرگرمی 39 ہزار 564 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچی تاہم چند پوائنٹس کے اضافے کے بعد مارکیٹ بند ہوئی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 30 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا جن کا حجم 5 ارب 40 کروڑ رہا۔

پی ایس ایکس میں 352 کمپنیوں کا لین دین ہوا جن میں سے 98 میں اضافہ، 233 میں کمی اور 21 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا منفی آغاز

کاروبار میں توانائی اور ڈسٹری بیوشن سیکٹر 2 کروڑ 92 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہا اور ٹیکنالوجی اور مواصلات کا شعبہ بالترتیب ایک کروڑ 37 لاکھ اور 74 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

کے الیکٹرک کے 2 کروڑ 78 لاکھ حصص کا لین دین ہوا جو سب سے زیادہ ریکارڈ ہوا، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ 92، دیوان موٹرز 65 لاکھ، اینگرو کارپوریشن 48 لاکھ اور ایزگارڈ نائن کے 42 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ بالترتیب دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں