فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے 8 گروپ کے ڈراز مکمل

شائع December 1, 2017 اپ ڈیٹ June 8, 2018
ورلڈ کپ 2018 میں اسپین اور پرتگال کی موجودگی میں گروپ بی کو مشکل گروپ کہا جارہا ہے—فوٹو:اے ایف پی
ورلڈ کپ 2018 میں اسپین اور پرتگال کی موجودگی میں گروپ بی کو مشکل گروپ کہا جارہا ہے—فوٹو:اے ایف پی

روس میں ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال 2018 کے لیے ٹیموں کے ڈراز مکمل ہو گئے، 14 جون کو گروپ اے کی میزبان ٹیم روس اور سعودی عرب کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔

ماسکو میں ہونے والے ڈراز میں ورلڈ کپ 2018 کے لیے 8 گروپس میں ٹیموں کو تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ 2018 کے لیے 2010 کی چمپیئن اسپین اور یورپین چمپین کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے جس کو ایک مشکل گروپ تصور کیا گیا ہے۔

گروپ اے میزبان روس، یوروگوئے، مصر اور سعودی عرب پر مشتمل ہے، گروپ بی میں پرتگال، اسپین، مراکش اور ایران، گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیراور ڈنمارک اور گروپ ڈی میں ارجنٹینا، آئس لینڈ، کروشیا اور نائجیریا شامل ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا، گروپ ایف میں دفاعی چیمپیئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور جنوبی کوریا ، گروپ جی میں بیلجیم، پاناما، تیونس اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔

—فوٹو:فیفا ٹویٹر
—فوٹو:فیفا ٹویٹر

سعودی عرب بمقابلہ روس افتتاحی میچ

میزبان روس کی ٹیم 14 جون کو ورلڈکپ 2018 کا افتتاحی میچ ماسکو کے لزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جہاں سعودی عرب کی ٹیم ان کے مدمقابل ہوگی۔

ٹیموں کے ڈراز کے موقع پر روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کا کہنا تھا کہ روس میں فٹ بال کے متوالے بہت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا ملک چمپیئن شپ کے لیے پرعزم ہے اور اس کو اعلیٰ معیار میں کروانے کا ارادہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ آنے والا ورلڈ کپ روسی خطے اور پوری دنیا میں کھیل کے فروغ کے لیے ایک اہم پہلو ثابت ہوگا'۔

قبل ازیں فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس تاثر کو ردکیا کہ ڈوپنگ معاملات کے باعث روس میں ورلڈ کپ کے انعقاد میں کوئی مسائل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹ بال میں ٹیسٹ کا معیار شفاف ہے جو اس کھیل کے صاف ستھرا ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ روس کے ایتھلیٹس کے خلاف ڈوپنگ کے مسائل سامنے آئے تھے اور سوچی میں ہونے والے 2014 کے ونٹر اولمپکس میں حاصل کرنے والے تمغوں کو ڈوپنگ میں ناکامی کے بعد واپس لیا گیا تھا جن کی تعداد ایک تہائی بنتی ہے اور مشہور کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025