کوئٹہ: سیکیورٹی اداروں نے صوبہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں ایک کارروائی کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ باردو برآمد کرلیا۔

آپریشن ردالفساد کے تحت 100 سے زائد لیویز اہلکاروں نے سوراف نالہ کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے پر آپریشن کیا، جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا ندیم اختر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کوہلو میں لیویز نے حساس اداروں کی اطلاع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد میں حساس ادارے کی اطلاع پر لیویز نے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے پر کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں نے آر پی جی سون راکٹ کے 181 گولے، 172 آر پی جی فیوز، 80 آر ڈی ایس سمیت دیگر اسلحہ برآمد کیا۔

دہشت گردوں کی گرفتاریاں

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں ہونے والے مختلف آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کا گرفتار کرلیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قلعہ سیف اللہ میں علیحدہ آپریشن کے دوران 4 آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ آئی ای ڈیز کو غیر موثر کرنے کے لیے بم ڈسوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنائے جاچکے ہیں۔

10 مئی 2017 کو افغان سرحد سے منسلک علاقے چاغی میں فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا اور بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔

اس سے قبل 27 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائی کے دوران بلوچستان میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

بلوچستان کے علاقے منڈ میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ ایف سی کے اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 2 شہید

9 اپریل کو بلوچستان کے داراحکومت کوئٹہ میں پاک فوج نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا۔

پاک فوج نے چمن کے قریب آپریشن کے دوران افغانستان سے پاکستان آنے والی بارود سے بھری ایک گاڑی پکڑی تھی، جس میں 80 کلو گرام دھماکا خیز مواد نصب تھا۔

خیال رہے کہ ان دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھارت اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ بتایا جاتا ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا جاسوس کلبھوش یادیو کو بھی بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں